سعودی عرب میں شجرکاری مہم کا آغاز، سات ماہ میں ایک کروڑ درخت لگائے جائیں گے

سعودی عرب نے شجرکاری کی نئی ملک گیر مہم کا آغاز کیا ہے۔اس کے تحت اپریل 2021ء کے آخر تک مملکت بھر میں ایک کروڑ درخت لگائے جائیں گے

سعودی عرب میں شجرکاری مہم کا آغاز
سعودی عرب میں شجرکاری مہم کا آغاز
user

قومی آواز بیورو

سعودی عرب نے شجرکاری کی نئی ملک گیر مہم کا آغاز کیا ہے۔اس کے تحت اپریل 2021ء کے آخر تک مملکت بھر میں ایک کروڑ درخت لگائے جائیں گے۔ اس کا بڑا مقصد ملک سے بنجرپن کا خاتمہ ہے۔ سعودی عرب کے وزیر برائے ماحول، آب اور زراعت عبدالرحمان الفاضلی نے ہفتے کے روز ایک ٹویٹ میں اس مہم کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا ہے۔

اس مہم کا عنوان :’’آئیں ملک کو سرسبزوشاداب بنائیں‘‘ ہے،یہ مہم 10 اکتوبر سے 30 اگست 2021ء تک جاری رہے گی۔ وہ لکھتے ہیں:’’آج میں آئیں سرسبزوشاداب بنائیں مہم کا آغاز کرکے بہت خوش ہوں۔یہ سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک سے چلائی جائے گی۔ اس کا مقصد بنجرپن کے اثرات کو کم کرنا،قدرتی حیات کی نشوونما اور معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔‘‘


انھوں نے بتایا ہے کہ وزارت اس پوری مہم کے دوران میں قومی مرکز برائے انسداد بنجر پن اور ہریالی نشوونما کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ شجرکاری کی یہ مہم سعودی عرب کے ویژن 2030ء کے تحت برپا کی جارہی ہے۔اس کا مقصد مملکت بھر میں بنجرپن کے خاتمے اور سبزے وہریالی کے ذریعے ماحولیاتی استحکام حاصل کرنا ہے۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے 2016ءمیں ویژن 2030ء پیش کیا تھا۔اس کثیر جہت منصوبہ کا مقصد سعودی معیشت کو متنوع بنانا ، تیل کی آمدن پر انحصار کم کرنا اور مختلف معاشی شعبوں سے آمدن کے ذرائع پیدا کرنا ہے۔اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف 2030ء کا حصول ہے۔

شجرکاری کی اس مہم کے اعلان سے قبل سعودی عرب کی مختلف وزارتوں اور محکموں نے درختوں کی ایموجیز ٹویٹ کی ہیں۔یوں انھوں نے ملک میں پائیدارترقی کے اس مہم کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔