ایرانی صوبہ اھواز میں مظاہرین پر فائرنگ، پانچ افراد کے ہلاک ہونے کی خبر
اھواز میں مظاہروں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب ضلع خوستان اور دوسرے علاقوں میں پینے کا پانی بند کردیا گیا۔
خبریں موصول ہو رہی ہیں کہ ایران کے عرب اکثریتی صوبہ الاھواز میں گزشتہ ایک ہفتے سے جاری مظاہروں کے دوران ایرانی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے اب تک کم سے کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ کل ساتویں روز بھی جاری رہا۔ سوشل میڈیا پر اھواز کے ایذج شہر میں ہونے والے مظاہروں کے مناظر پوسٹ کیے گئے ہیں۔ ان مظاہروں کے دوران شرکا کو ’خامنہ ای مردہ باد‘ کے نعرے لگاتے دیکھا جا سکتا ہے۔ان ویڈیو کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
واضح رہے یہ مظاہرہ پینے کے پانی کی قلت کی وجہ سے ہو رہے ہیں اوراھواز میں مظاہروں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب ضلع خوستان اور دوسرے علاقوں میں پینے کا پانی بند کردیا گیا۔ منگل کے روزجنوبی ایران کے ضلع خوستان اور کئی دوسرے علاقوں میں مظاہرے ہوئے۔
پیر کو جنوب مغربی ایران میں پینے کا پانی بند کرنے کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے دوران ایرانی پولیس نے کئی کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔ایران کے دارالحکومت تہران میں الاھواز کے مظاہرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے والے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔
ایرانی اپوزیشن کے ترجمان ٹی وی چینل ایران انٹرنیشنل نے الاھواز کی الثورہ کالونی میں نہتے مظاہرین پر اندھا دھند شیلنگ کے مناظر نشر کیے ہیں۔ (بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ )
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔