ریاض میں تعینات پاکستانی سفیرمعطل، 6 سفارتی افسر وطن طلب

پاکستان کی وزرات خارجہ نے سعودی دارالحکومت الریاض میں متعیّن سابق سفیر کو معطل کر دیا ہے اور سفارت خانے کے چھے افسروں کو عوامی شکایات کے بعد وطن واپس بلا لیا ہے

ریاض میں تعینات پاکستانی سفیرمعطل
ریاض میں تعینات پاکستانی سفیرمعطل
user

قومی آواز بیورو

اسلام آباد: پاکستان کی وزرات خارجہ نے سعودی دارالحکومت الریاض میں متعیّن سابق سفیر کو معطل کر دیا ہے اور سفارت خانے کے چھے افسروں کو عوامی شکایات کے بعد وطن واپس بلا لیا ہے۔ دفتر خارجہ نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں مقیم تارکِ وطن پاکستانیوں کی شکایات کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی اس تمام معاملے کا جائزہ لے گی۔‘‘

بیان کے مطابق ’’جن سفارتی افسروں کو واپس طلب کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، وہ سفارت خانے کے ڈپلومیٹک ، کمیونٹی ویلفیئر اورقونصلر شعبوں میں کام کررہے تھے۔‘‘

دفتر خارجہ نے مزید کہاہے کہ ’’حکومت پاکستان سمندرپار پاکستانیوں کی فلاح وبہبود کو بڑی اہمیت دیتی ہے۔عوامی خدمات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برتی جاتی ہے تو اس معاملے میں کوئی رورعایت نہیں برتی جائے گی۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تمام سفارتی مشنوں کے کام کی خود نگرانی کرتے ہیں۔‘‘


’’دنیا بھر میں پاکستان کے مشنوں کو یہ دائمی ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے دائرہ اختیار میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کریں۔‘‘

وزیراعظم کے دفتر نے الگ سے ایک بیان جاری کیا ہے اور اس میں کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم تارک پاکستانیوں کی شکایات کا وزیراعظم نے سخت نوٹس لیا ہے اور سعودی عرب میں سفارت خانے اور قونصل خانوں میں تعینات افسروں کی کارکردگی ، رویّے اور کردار پر سخت ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

انھوں نے وزیراعظم معائنہ کمیشن کو اس معاملے کی تحقیقات کی ذمے داری سونپی ہے اور اس کو 15 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔وہ سفارتی عملہ کے پاکستانی مزدوروں سے ناروا رویے،بدسلوکی اور بھتاخوری کی شکایات کی تحقیقات کرے گا۔

بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستان کے سابق سفیر راجاعلی اعجاز کو معطل کردیا گیا ہے۔سفارت خانے اور قونصل خانوں میں عوامی خدمات پر مامورعملہ کو واپس بلا لیا جائے گااور اس کی جگہ نیا عملہ بھیجنے کے لیے فوری طور پر کارروائی شروع کردی گئی ہے۔


دریں اثناء سعودی عرب میں پاکستان کے نئے سفیر ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے الریاض میں سعودی وزارت خارجہ میں چیف پروٹوکول افسر کو اپنی سفارتی اسناد پیش کردی ہیں اور اس کے بعد اپنے سفارتی فرائض سنبھال لیے ہیں۔

واضح رہے کہ بنک دولت پاکستان کے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران میں بیرون ملک سے ترسیلات زر میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکینِ وطن کا حصہ سب سے زیادہ رہا ہے۔ انھوں نے جولائی 2020ء سے مارچ 2021ء تک 5 ارب 70 کروڑ ڈالر سعودی عرب سے پاکستان میں بھیجے تھے۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔