سعودی عرب میں سات سال کے بعد دوبارہ کھلا ایران کا سفارت خانہ

سفارت خانہ کو دوبارہ کھولنے کا عمل مارچ میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان چین کی ثالثی میں طے شدہ معاہدے کے بعد شروع کیا گیا تھا

<div class="paragraphs"><p>العربیہ ڈاٹ نیٹ</p></div>

العربیہ ڈاٹ نیٹ

user

قومی آواز بیورو

سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں ایران کا سفارت خانہ سات سال کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ العربیہ کے ذیلی چینل الحدث ٹی وی پرمنگل کو نشر ہونے والی فوٹیج کے مطابق الریاض میں سفارت خانے کی عمارت کے باہر ایرانی پرچم لہرایا جارہا ہے اور اس کے ساتھ ہی ایران کا قومی ترانہ بجایا گیا ہے۔

سفارت خانہ کو دوبارہ کھولنے کا عمل مارچ میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان چین کی ثالثی میں طے شدہ معاہدے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔ اس معاہدے کے تحت سعودی عرب اور ایران نے سات سال کے وقفے کے بعد سفارتی تعلقات کو بحال کرنے اوراپنے اپنے سفارتی مشنوں کو دوبارہ کھولنے سے اتفاق کیا تھا۔


ایران نے خلیجی امور کا وسیع تجربہ رکھنے والے تجربہ کار سفارت کار علی رضا عنایتی کو 23 مئی کو سعودی عرب میں اپنا نیا سفیر مقرر کیا تھا۔وہ اس سے قبل 2014ء سے 2019ء تک کویت میں تہران کے سفیر رہ چکے ہیں۔ سفیر کے عہدے پر تعینات ہونے سے قبل وہ ایران کی وزارتِ خارجہ میں خلیجی امور کے ڈائریکٹر جنرل تھے۔2019ء میں انھیں دوبارہ اس عہدے پرفائز کیا گیا تھا۔

یادرہے کہ سعودی عرب نے سنہ2016ء میں تہران میں اپنے سفارت خانے اور مشہد میں قونصل خانے پر ایرانی حکومت کے حامی مظاہرین کے حملے کے بعد ایران کے ساتھ تعلقات منقطع کرلیے تھے۔ مئی کے اوائل میں ایرانی وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بتایاتھا کہ ایران الریاض میں جلد اپنا نیا سفیر متعارف کرادے گا۔تاہم سعودی عرب نے ابھی تک تہران میں اپنے سفیر کا تقرر نہیں کیا ہے۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔