لبنان میں اسرائیلی کمانڈر سمیت آٹھ فوجی مارے گئے: بنجامن نیتن یاہو
بدھ کو لبنان کے جنوبی حصے میں ایک زمینی کارروائی کے دوران ایک کیپٹن سمیت اسرائیلی فوج کےکئی اہل کار مارے گئے۔
اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپ کے دوران لبنان میں ایک اسرائیلی کمانڈر سمیت 8 فوجی جان کی بازی ہار گئے۔ 2 اکتوبر 2024کو اسرائیلی فوج نے اطلاع دی کہ ان کی ٹیم کا کمانڈر لبنان میں مارا گیا ہے۔ لبنان میں داخل ہونے کے بعد اسرائیل کی جانب سے جنگ سے متعلق یہ پہلی ہلاکت ہے۔ خبر رساں اداروں 'رائٹرز' اور 'اسکائی نیوز' کی رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 22 سالہ کیپٹن ایتان اتزاک اوسٹر کے نام سے ہوئی ہے۔ وہ 'ایگوز یونٹ' میں تعینات تھا۔
دریں اثناء 'اسکائی نیوز عربیہ' کو اسرائیلی ذرائع نے بتایا کہ جنوبی لبنان میں جھڑپوں کے دوران سات اسرائیلی فوجی مارے گئے ہیں۔ تاہم حزب اللہ اور ایران کے خلاف اپنی مہم کو آگے بڑھانے والے اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو نے اپنے ملک کے نئے سال کے موقع پر بڑا دعویٰ کر دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پوسٹ میں کہا، "یہ فتح کا سال ہو گا۔"
دوسری جانب امریکہ نے ایران کے اسرائیل پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ امریکہ نے دو ٹوک الفاظ میں ایران سے کہا ہے کہ "مستقبل میں اسرائیل پر حملہ نہ کریں۔ ایران پراکسی دہشت گرد تنظیموں کو حملے کرنے سے بھی روکے، امریکہ مشرق وسطیٰ میں اپنے مفادات اور فوجیوں کے تحفظ میں پیچھے نہیں ہٹے گا۔ امریکہ اسرائیل کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔‘‘
ادھر 'رائٹرز' کی رپورٹ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو اسرائیلی سازش کے بارے میں خبردار کیا تھا۔ ایرانی ذرائع کے مطابق آیت اللہ علی خامنہ ای نے اسرائیلی حملے میں ہلاک ہونے سے چند روز قبل حزب اللہ کے رہنما سید حسن نصر اللہ کو لبنان سے فرار ہونے کی تنبیہ کی تھی۔ واضح رہےاس وقت آیت اللہ علی خامنہ ای تہران میں اعلیٰ حکومتی عہدوں پر اسرائیلی دراندازی پر بہت فکر مند ہیں۔ (بشکریہ نیوز پورٹل ’اے بی پی‘)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔