حج کی تیاریوں کے سلسلے میں غلاف کعبہ کو اوپر اٹھا دیا گیا

حج انتظامات کے سلسلے میں غلاف کعبہ کے نچلے حصے کو تقریباً 3 میٹر اونچا کر دیا گیا ہے، جب کہخالی ہونے والے حصے کو چاروں اطراف سے تقریباً 2 میٹر چوڑے سفید سوتی کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا ہے

<div class="paragraphs"><p>تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ</p></div>

تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ

user

قومی آواز بیورو

مکہ مکرمہ: حرمین شریفین کے انتظامی امور کی جنرل اتھارٹی نے حج انتظامات کے سلسلے میں غلاف کعبہ کے نچلے حصے کو تقریباً تین میٹر اونچا کر دیا ہے جب کہ خالی ہونے والے حصے کو چاروں اطراف سے تقریباً دو میٹر چوڑے سفید سوتی کپڑے سے ڈھانپ دیا ہے۔

حرمین انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’غلاف کعبہ کو بلند کرنے کے بعد مخصوص کاٹن کے سفید کپڑے میں لپیٹ دیا جاتا ہے‘۔ یہ پہلی بار نہیں ہوا بلکہ ہر سال حج کے سیزن پر غلاف کعبہ کی حفاظت کی خاطر ایسا کیا جاتا ہے۔ ’غلاف کعبہ کو بلند کرنے کی دوسری وجہ یہ ہے کہ اسے محفوظ اور صاف رکھا جائے کیونکہ بیشتر عازمین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ غلاف سے لپٹیں اور اسے چومیں‘۔


غلاف کعبہ اٹھانے کی کارروائی انتظامیہ کے سربراہ اور اعلی عہدیداران کی موجودگی میں ہوئی ہے۔ غلاف کو اونچا کرنے کا عمل کنگ عبدالعزیز کمپلیکس کے ماہرین کے ایک گروپ کے ذریعے کعبہ کے پردے کو تہہ کرنے پر مشتمل ہے، جس پر مقدس آیات لکھی ہوئی ہیں۔

انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’غلاف کعبہ حج موسم میں بلند کر دیا جاتا ہے کیونکہ ان دنوں دنیا بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عازمین حج ارض مقدس آتے ہیں جن میں بعض لوگ غلاف کعبہ کا کچھ حصہ حاصل کرنے کے لیے اسے بلیڈ یا قینچی سے کاٹ لیتے ہیں، اس لیے غلاف کو ان مواقع پر بلند کر دیا جاتا ہے‘۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔