حج 2022: دو سال کورونا پابندیوں کے بعد غیر ملکی فرزندان توحید کی مکہ آمد، خوشی سے سرشار

دوسرے ملکوں سے آنے والے فرزندان توحید کورونا وبا کی وجہ سے دو سال کی پابندی کے بعد جذباتی، خوشی سے سرشار ہیں اور ان میں بیت اللہ کے دیدار کی تڑپ نظر آ رہی ہے

تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
تصویر العربیہ ڈاٹ نیٹ
user

قومی آواز بیورو

مکہ مکرمہ: سعودی عرب سے باہر سے آنے والے حجاج کرام مکہ معظمہ پہنچنے پر بے حد خوش نظر آ رہے ہیں۔ دوسرے ملکوں سے آنے والے فرزندان توحید کورونا وبا کی وجہ سے دو سال کی پابندی کے بعد جذباتی، خوشی سے سرشار ہیں اور ان میں بیت اللہ کے دیدار کی تڑپ نظر آ رہی ہے۔

طواف اور حج و زائرین کی خدمات کے ماہر احمد حلبی نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وبا کے نتیجے میں سعودی عرب کے باہر سے آنے والے عازمین کی تقریباً دو سال کی غیر حاضری کے بعد وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا کہ اس سال حج سیزن کے لیے مملکت کے اندراور باہر سے آنے والے عازمین کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔


انہوں نے مزید کہا کہ حجاج کی واپسی کے ساتھ ہی تیاریاں شروع ہوگئیں۔ اس لیے طواف کمپنیز، زمازمہ کمپنی، جنرل آٹوموبائل یونین اور حجاج کی خدمت میں کام کرنے والے تمام شعبوں نے حجاج کو بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے اپنی انسانی اور مشینی صلاحیتوں کو متحرک کردیا۔ ہم سب حاجیوں کی خدمت کے لیے بے تاب ہیں۔

حج کے انتظامی امور کے ایک عہدیدار سراج قصاص نے کہا کہ "اس سال حج کے مناسک ادا کرنے کے لیے بیرون ملک مقیم عازمین کی واپسی پر خدا کا شکر ہے۔ کرونا وبائی امراض کی وجہ سے لگاتار دو سال بیرون ملک سے مسلمان بیت اللہ کے دیدار کو نہیں آسکے۔ بیرون ملک سے حج کے لیےآنے والے مسلمانوں کا شاندار استقبال کیا جاتا ہے۔ انہیں کھجوریں، زمزم، پھول اوردیگر تحائف پیش کیےجاتے ہیں۔


ان کا کہنا تھا کہ ہم عازمین حج کو ان کی آمد سے لے کر ان کے ملکوں کو روانگی تک بہترین خدمات فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مناسک حج کے لیے عبادت میں آسانی کے لیے حکومت نے ہرممکن اقدامات کیے ہیں۔ خادم حرمین شریفین اور ولی عہد سمیت مملکت کی قیادت حجاج کرام کی سلامتی، تحفظ اور مناسک کی ادائی کے دوران ہرممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے تیار ہے۔

مطوف ایمن کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کی وجہ سے حج پر پابندی پر مجھے بہت افسوس ہوا۔ مگرآج جب مجھے پتا چلا کہ بیرون ملک سے حجاج کو حج کی اجازت دے دی گئی ہے تو میری خوشی کی انتہا نہ رہی۔ میں نے بے تابی کے ساتھ مکہ معظمہ کے سفر کے لیے تیاری کی۔ یہاں حکومت نے حجاج کرام کی خدمت کے لیے شاندار انتظامات کیے ہیں۔ حجاج کرام کی آمد سے واپس تک انہیں مناسک کی ادائی کے دوران ہرممکن آسانی اور سہولت مہیا کی جاتی ہے۔

(العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔