حج 2021: مناسک حج کے آخری روز رمی جمرات کے بعد حجاج کرام کی طوافِ وداع کی ادائیگی
عالمی ادارہ صحت نے سعودی عرب کی جانب سے رواں سال حج سیزن میں کیے گئے اُن اقدامات کو سراہا جن کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا اور حجاج کرام کی سلامتی کو یقینی بنانا تھا۔
الریاض: سعودی عرب میں آج جمعے کو ایام تشریق کے تیسرے اور مناسک حج کے چھٹے روز حجاج کرام مِنی میں تینوں جمرات کی رمی کر رہے ہیں۔ اس کے بعد وہ مکہ مکرمہ جا کر مسجد حرام میں طوافِ وداع ادا کر کے مناسک حج مکمل کر لیں گے۔
اس سے قبل جمعرات کو مناسک حج کے پانچویں روز پچاس ہزار حجاج نے تینوں جمرات کی رمی کی اور پھر مکہ مکرمہ جا کر مسجد حرام میں طواف وداع ادا کیا۔ واضح رہے کہ 80 فی صد سے زیادہ حجاج کرام مناسک حج کے پانچویں روز اپنا حج مکمل کر لیتے ہیں۔ مناسک حج کا چھٹا روز اختیاری ہوتا ہے۔
کورونا کی وبا کے سبب مشاعر مقدسہ میں حفاظتی تدابیر اور احتیاطی اقدامات کا بھرپور اہتمام کیا گیا ہے۔ حجاج کرام کو انتہائی مربوط منصوبہ بندی کے تحت منی سے مکہ مکرمہ پہنچایا جا رہا ہے۔ حج سیزن میں سیکورٹی اور سول سیکٹروں کے بیچ بھرپور زمینی نظم و نسق عمل میں آ رہا ہے۔ رواں سال مملکت میں موجود 60 ہزار افراد کو فریضہ حج ادا کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ ان میں بڑی تعداد مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کی ہے۔
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کل جمعرات کے روز رواں سال حج سیزن کے لیے وضع کردہ طبی منصوبوں کی کامیابی کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حج سیزن کورونا وائرس اور دیگر وبائی امراض سے محفوظ رہا۔ عالمی ادارہ صحت نے سعودی عرب کی جانب سے رواں سال حج سیزن میں کیے گئے اُن اقدامات کو سراہا جن کا مقصد کورونا کے پھیلاؤ کو روکنا اور حجاج کرام کی سلامتی کو یقینی بنانا تھا۔
بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔