حج 2020: رمی جمرات کے لئے حُجاج کرام کو جراثیم سے پاک پیک شدہ کنکریوں کی فراہمی

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے حجاج کرام کو رمی جمرات کے لیے جراثیم سے پاک اور پیک شدہ کنکریاں فراہم کی گئیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی طرف سے حجاج کرام کو رمی جمرات کے لیے جراثیم سے پاک اور پیک شدہ کنکریاں فراہم کی گئیں۔ عرب خبر رساں ادارے العربیہ کے مطابق سعودی عرب کے قومی مرکز برائے انسداد امراض نے ایک بیان میں بتایا کہ رواں‌سال حج سیزن پر صحت پروٹوکول کی روشنی میں حجاج کرام کو سینیٹائز کی گئی جراثم سے پاک اور پیک شدہ کنکریاں فراہم کی گئی ہیں۔

فوٹو بشکریہ العربیہ ڈاٹ‌ نیٹ
فوٹو بشکریہ العربیہ ڈاٹ‌ نیٹ

بیان میں‌ کہا گیا ہے کہ کورونا وبا سے بچاؤ کے لیے اختیار کردہ طریقہ کار کے مطابق رمی جمرات کے لیے حجاج کو چھوٹے چھوٹے گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، ایک وقت میں ایک سے زائد گروپ کو رمی کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کے علاوہ رمی جمرات کے مناسک حج کی ادائیگی کے دوران حجاج کرام ایک دوسرے کے درمیان اڑھائی میٹر کے فاصلے پر ہوں‌ گے۔


ہیلتھ پروٹوکول کے مطابق حجاج کرام کو رمی جمرات کے موقعے پر چہرے کو ماسک سے ڈھانپے، زیادہ سے زیادہ سینیٹائرز استعمال کرنے اور جمرات کے لیے مقرر کردہ راستوں کا استعمال کرنے کی سختی سے تاکید کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ حجاج کرام آج نماز عید کے بعد منیٰ روانہ ہوگئے جہاں سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی کی جارہی ہے جب کہ آج حجاج کرام سر بھی منڈوائیں گے۔

حجاج منیٰ میں گيارہ اور بارہ ذی الحج كی راتيں گزاریں گے اور ہر دن زوال كے بعد تينوں جمرات كو كنكرياں ماری جائیں گی۔ 12 تاريخ كو تینوں شیاطین کو كنكرياں مارنے کے بعد جلد چاہیں تو غروب آفتاب سے قبل منٰی سے نكلنا ہوگا اور تاخير چاہیں تو 13 تاريخ كی رات منٰی ميں بسر کی جائے گی۔ حجاج اپنے وطن روانہ ہونے سے قبل الوداعی طواف کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Jul 2020, 2:11 PM