حجاج نےواپس منی پہنچ کر رمی جمرات شروع کی

Getty Images
Getty Images
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: رات بھر مزدلفہ میں قیام کے بعد حجاج منی کے لئے روانہ ہو گئے ہیں ۔20لاکھ سے زیادہ عازمین لبیک اللہم لبیک کی روح پرور صداؤں کے ساتھ مغرب کے بعد سے دیر رات تک عازمین مزدلفہ پہنچتے رہے۔ مزدلفہ پہنچ کر حجاج نے مغرب اور عشا کی نماز جمع کرکے ادا کی۔ مزدلفہ میں جگہ جگہ عازمین اپنے اپنے گروپوں میں جمع ہو کر رات کے رکنے کا انتظام کرتے نظر آئے ۔ کوئی نماز ادا کرتا دکھائی دیا تو کوئی وضوکے لئے پانی کا انتظام کرتا دکھائی دیا ۔ نماز سے فارغ ہو کر عازمین رمی جمرات کے لئے کنکریاں جمع کرتے دکھائی دئے۔



Getty Images
Getty Images

صبح ہوتے تمام حجاج نے واپس منی کے لئے سفر شروع کیا ۔ کچھ گاڑیوں میں تھے تو کچھ پیدل ہی سفر طے کر تے نظر آئے ۔ حجاج کی خاصی تعداد سیدھے رمی جمرات کی طرف گامزن ہے کیونکہ انہیں رمی جمرات کرکے جلد از جلد قربانی کرکے احرام اتارنا ہے جبکہ زیادہ تر عازمین پہلے اپنے خیموں میں جانے کی تیاری کر رہے ہیں۔ حجاج فون پر عزیز و اقارب سے بات کرنے میں بھی مصروف ہیں۔ دہلی کے اوکھلا سے گئے عبدالقدیر جہاں حج کے باقی ارکان کی ادائیگی کے لئے فکر مند ہیں وہیں ان کو اس بات پر اطمینان ہے کہ میدان عرفات میں انہوں نےخوب عبادت کی اور اللہ سے دل کھول کر دعائیں مانگیں۔



Getty Images
Getty Images

انہوں نے بتایا ’’ عرفات سے مزدلفہ پہنچنے میں جام کی وجہ سے ان کو کافی وقت لگا مگر اس میں ان کو کوئی تکلیف نہیں ہوئی‘‘ ۔ انہوں نے بتایا کہ منی پہنچ کر وہ تقریبا صبح 10 بجےرمی جمرات کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Sep 2017, 12:07 PM