یو اے ای میں زاید المیعاد قیام کرنے والوں کے ویزوں کی رعایتی مدت میں مزید توسیع
متحدہ عرب امارات نے زایدالمیعاد قیام کرنے والے غیرملکیوں کے ویزوں کی رعایتی مدت میں 31 دسمبر 2020ء تک توسیع کر دی ہے
ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات نے زایدالمیعاد قیام کرنے والے غیرملکیوں کے ویزوں کی رعایتی مدت میں 31 دسمبر 2020ء تک توسیع کر دی ہے۔
یو اے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق جن غیرملکیوں کے ویزوں کی میعاد یکم مارچ 2020ء سے قبل ختم ہو چکی ہے، انہیں زاید المیعاد قیام پر جرمانوں سے مستثنیٰ قرار دے دیا گیا ہے لیکن اس کی شرط یہ ہوگی کہ وہ ملک سے واپس چلے جائیں۔
یو اے ای کے ڈائریکٹر جنرل برائے خارجی امور اور بندرگاہ میجر جنرل سعید رکن الرشیدی نے کہا ہے کہ اس توسیع کا مقصد خلاف ورزی کے مرتکبین کو سال کے اختتام تک ملک میں رہنے کے قابل بنانا ہے۔
واضح رہے کہ یو اے ای نے اس سال کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے پیش نظر ویزوں کی مقررہ مدت ختم ہو جانے کے بعد زاید المیعاد قیام کرنے والوں کے لیے متعدد مرتبہ رعایتی مدت کے اعلانات کیے ہیں۔
18 اگست کو اماراتی حکومت نے یہ اعلان کیا تھا کہ ملک میں داخلے اور اقامتی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکبین کو تین ماہ کی اضافی رعایتی مدت دی جائے گی اور انھیں زاید المیعاد قیام پر کوئی جرمانہ بھی عاید نہیں کیا جائے گا۔یہ توسیعی مدت آج منگل 17 نومبر کو ختم ہوگئی ہے اور اس کے پیش نظر ہی نیا اعلان کیا گیا ہے۔
بحرین سمیت دوسرے خلیجی ممالک نے بھی کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر زاید المیعاد قیام کرنے والے غیرملکیوں کے ویزوں میں توسیع کردی ہے۔
بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔