اسرائیل سے پہلی براہِ راست پرواز پہنچی امارات، سعودی عرب کی فضاؤں سے بھی گزری

اس پرواز کے کپتان نے مسافروں کو بتاتے ہو ئے کہا کہ وہ تاریخی سفر پر روانہ ہورہے ہیں اور سعودی عرب کی فضاؤں میں پرواز کرتے ہوئے جائیں گے جس کی وجہ سے ان کے سفر کا دورانیہ کم ہوجائے گا۔

تصویر سوشل میڈیا بشکریہ گلف نیوز
تصویر سوشل میڈیا بشکریہ گلف نیوز
user

قومی آواز بیورو

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل بہت تیزی کے ساتھ ایک دوسرے سے تعلقات بڑھانے میں مصروف ہیں ۔ دونوں ممالک نے کل اس وقت ایک اور سنگ میل عبور کیا جب تل ابیب سے براہِ راست پرواز امریکی اسرائیلی وفد کو لے کر ابو ظبی پہنچ گئی ہے۔

اس اسرائیلی طیارے نے تل ابیب کے بن گورین ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی اور یہ سعودی عرب کی فضاؤں میں پرواز کرتا ہوا براہ راست ابو ظبی کے ہوائی اڈے پر پہنچا ہے۔اس طیارے کے کپتان نے پرواز سے قبل اعلان میں بتایا کہ وہ ایک تاریخی سفر پر روانہ ہورہے ہیں اور سعودی عرب کی فضاؤں میں پرواز کرتے ہوئے جائیں گے جس کی وجہ سے ان کے سفر کا دورانیہ کم ہوجائے گا۔


اس طیارے میں آنے والے اسرائیلی امریکی وفد کی قیادت صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سینیر مشیر اور داماد جیرڈ کوشنر کررہے ہیں۔ وفد میں امریکا کی قومی سلامتی کے مشیر رابرٹ او برائن اور اسرائیل کی قومی سلامتی کے مشیر مئیر بن شبات بھی شامل ہیں۔

ان کے علاوہ مالیات ، صحت ، سیاحت ، سرمایہ کاری ، خارجہ امور ، سفارت کاری اور ثقافت کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے اسرائیل کے نمائندے اس وفد کا حصہ ہیں۔


اس گروپ کے ارکان متحدہ عرب امارات کے نمایندوں سے آج ہی بالمشافہ ملاقات کرنے والے ہیں اور مستقبل میں دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

دونوں ملکوں کو 13 اگست کو تاریخی امن معاہدے کے بعد تل ابیب سے ابوظبی پہنچنے والا یہ پہلا بوئنگ طیارہ 737 اسرائیل کی قومی فضائی کمپنی ایل آل کا حصہ ہے۔ اس پر لفظ امن (سلام) تین زبانوں عربی ، انگریزی اور عبرانی میں پینٹ کیا گیا ہے۔ طیارے کے کپتان نے بھی اس الفاظ کے ساتھ محو سفر مسافروں کا خیر مقدم کیا۔


واضح رہے کہ یو اے ای سے مئی میں پہلی براہ راست پرواز اسرائیل گئی تھی۔یہ امارت ابوظبی کی ملکیتی کمپنی اتحاد ائیر ویز کے دو مال بردار طیارے تھے۔ان پر اسرائیل کے ذریعے فلسطینیوں کے لیے کرونا وائرس سے متعلق ادویہ اور طبی ساز وسامان بھیجا گیا تھا۔ (بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Sep 2020, 8:11 AM