عازمین حج کی پہلی پرواز آج جموں و کشمیر سے سعودی عرب کے لیے ہوگی روانہ
حج 2023 کے لیے عازمین کی پہلی پرواز آج یعنی بدھ کو جموں و کشمیر سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوگی، پہلی پرواز کی روانگی سہ پہر تین بجے جبکہ دوسری پرواز کی روانگی شام 5 بجے ہوگی
سری نگر: حج 2023 کے لیے عازمین کی پہلی پرواز آج یعنی بدھ کو جموں و کشمیر سے سعودی عرب کے لیے روانہ ہوگی۔ جموں و کشمیر حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر شجاعت احمد قریشی نے صحافیوں کو بتایا کہ ایک دہائی کے بعد پہلی بار عازمین حج اس سال سری نگر سے سیدھے جدہ پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دو پروازیں آج یہاں سے 630 عازمین کے پہلے قافلہ کو سعودی عرب لے جائیں گی۔ پہلی پرواز سہ پہر 3 بجے اور دوسری شام 5 بجے روانہ ہوگی۔ عازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ 6 گھنٹے قبل حج ہاؤس پہنچ جائیں تاکہ رسمی کام وقت پر مکمل ہو سکیں۔
ایگزیکٹو عہدیدار نے بتایا کہ 'محرم' (قریبی رشتہ دار) کے بغیر خواتین عازمین اس سال حج کریں گی اور ایسے 115 عازمین 9 جون کو سری نگر سے روانہ ہوں گے۔ اس سال حج کے لیے 14271 درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے 10000 کو قرعہ اندازی کے ذریعے مقدس حج کی ادائیگی کے لیے منتخب کیا گیا۔
سری نگر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر عازمین حج کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں عازمین کے لیے گیٹ سے باہر نکلنے اور ہوائی جہاز میں سوار ہونے کے لیے الگ جگہ کا انتظام کیا گیا ہے۔
حج ہاؤز میں عازمین کے سامان کی اسکریننگ اور سیل کی جائے گی جہاں سے اے سی کوچز عازمین کو ہوائی اڈے تک لے جائیں گے اور ٹرک ان کا سامان لے جائیں گے۔ حج ہاؤس میں کسٹم کلیئرنس وغیرہ بھی کی جائے گی۔ حکام نے بتایا کہ دیوہیکل ایئربس 340 عازمین کو جدہ لے جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔