عمرہ پروگرام کے تیسرے مرحلہ کا آغاز ، بیرون ملک کے معتمرین کو بھی شرکت کی اجازت
سعودی عرب میں صحت کے سخت پروٹوکول پر عمل درآمد کرتے ہوئے عمرہ مناسک کی ادائی کے تیسرے مرحلے کا آغاز آج اتوار سے ہو رہا ہے، عمرہ مناسک کے تیسرے مرحلے میں بیرون ملک سے بھی معتمرین شرکت کر رہے ہیں
سعودی عرب میں صحت کے سخت پروٹوکول پر عمل درآمد کرتے ہوئے عمرہ مناسک کی ادائی کے تیسرے مرحلے کا آغاز آج اتوار سے ہو رہا ہے۔ آج سے شروع ہونے والے عمرہ مناسک کے تیسرے مرحلے میں بیرون ملک سے بھی معتمرین شرکت کر رہے ہیں۔
سعودی عرب کی حج وعمرہ کمیٹی کے رکن اور مکہ معظمہ میں ایوان صنعت وتجارت کی ہوٹلنگ کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر سے بہت بڑی تعداد میں فرزندان توحید عمرہ کی ادائی کی خواہش رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمرہ کی ادائی مزید آسان بنانے کے لیے حکومت نے عمرہ پروگرام آن لائن فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس پروگرام کی خریداری کے بعد عمرہ کے خواہش مند حضرات آن لائن بکنگ کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمرہ پروگرام خریدنے والا کوئی بھی غیرملکی مسلمان عمرہ ویزہ حاصل کرنے کے بعد ہوائی جہازوں کی ٹکٹ، مواصلات، ہوٹلوں میں قیام،عمرہ کی ادائی سے متعلق معاون کمپنی اور دیگر ضروری مراحل کی بکنگ کرسکتا ہے۔ العمیری کا کہنا تھا کہ اس وقت سعودی عرب میں عمرہ کی سہولت فراہم کرنے والی 531 کمپنیاں اور ٹور آپریٹرز کام کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ عمرہ کی بکنگ کے لیے اس وقت 32 آن لائن بین الاقوامی پلیٹ فارم کام کر رہے ہیں جب عمرہ مناسک کے حوالے سے 6500 غیرملکی ایجنٹ مصروف عمل ہیں۔
درایں اثنا الحرمین الشریفین کی جنرل پریزیڈینسی کے ترجمان ھانی حیدر نے ایک بیان میں بتایا کہ انتظامیہ عمرہ کے تیسرے مرحلے کے آغاز کے ساتھ لاکھوں نمازیوں اور معتمرین کی آمد کی توقع رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الحرمین الشریفین کی انتظامیہ نے لاکھوں نمازیوں اور معتمرین کے استقبال کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ مسجد حرام کے ساتھ ساتھ مسجد نبویﷺ میں بھی مناسک زائرین کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہو رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمرہ مناسک کے تیسرے مرحلے کے پہلے روز 20 ہزار معتمرین اور 60 ہزار نمازیوں کا استقبال کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عمرہ زائرین اور نمازیوں کی صحت وسلامتی کو یقینی بنانے کے لیے ایس اوپیز تیار ہیں جن پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کرایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسجد حرام میں 600 برقی گاڑیاں اور 5 ہزار وہیل چیئرز بھی فراہم کی گئی ہیں۔ جب کہ معذور عمرہ زائرین کی مدد کے لیے قائم کردہ ٹیموں کو 120 ملازمین کی نگرانی میں چوبیس گھنٹوں کی بنیاد پر تقسیم کیا گیا ہے۔
(العربیہ ڈاٹ نیٹ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Nov 2020, 11:40 AM