سعودی عرب میں تمام تقریبات اور سرگرمیاں 30 روز کے لیے معطل

وزارت داخلہ، وزارت تجارت، وزارت سماجی بہبود، وزارت سیاحت اور وزارت بلدیات و دیہی امور اس سلسلے میں پروٹوکول اور احتیاطی اقدامات پر عمل درامد کی کڑی نگرانی کے لیے اپنی کوششوں کو بھرپور بنائیں گی۔

سعودی عرب کورونا / تصویر بشکریہ سعودی گزٹ
سعودی عرب کورونا / تصویر بشکریہ سعودی گزٹ
user

قومی آواز بیورو

سعودی عرب میں تمام تقریبات اور سرگرمیوں کو ایک ماہ کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔ اس فیصلے کا مقصد کورونا وبا کی روک تھام ہے۔ واضح رہے کہ مملکت میں کئی ہفتوں تک نمایاں کمی کے بعد ایک بار پھر کورونا سے متاثرین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ وزارت داخلہ کے ذمے دار ذرائع نے آج جمعرات کے روز بتایا کہ احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے درج ذیل فیصلے کیے گئے ہیں:

  • تمام تقریبات اور سرگرمیوں کو فوری طور پر روک دیا گیا ہے۔ ان میں شادی کی تقریبات اور اداروں کے اجتماعات شامل ہیں۔ تقریبات اور شادیوں کے ہالز، ہوٹلز، ریسٹ ہاؤسز اور تقریبات کے مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے خیموں کے حوالے سے یہ فیصلہ 30 روز کے لیے نافذ العمل ہے۔ یہ مدت قابل توسیع ہو گی۔

  • سماجی سرگرمیوں کے اجتماعات میں 20 سے زیادہ افراد شریک نہیں ہو سکیں گے۔ یہ فیصلہ 10 روز کے لیے نافذ العمل ہے۔ یہ مدت قابل توسیع ہو گی۔

  • تمام تفریحی سرگرمیاں 10 روز کے لیے روک دی گئی ہیں۔ یہ مدت قابل توسیع ہو گی۔


  • سینیما ہاؤسز، اندرونی تفریحی مراکز، اندرونی کھیلوں کی جگہوں یا ریستورانوں اور شاپنگ سینٹرز میں واقع اندرونی کھیلوں کی جگہوں اور جمنازیمز 10 روز کے لیے بند رہیں گے۔ یہ مدت قابل توسیع ہو گی۔

  • تمام ریستورانوں اور قہوہ خانوں میں داخلی ترسیل کی خدمات معطل رہیں گی جب کہ صرف بیرونی آرڈرز پر ترسیل کی اجازت ہو گی۔ یہ فیصلہ 10 روز کے لیے نافذ العمل ہے۔ یہ مدت قابل توسیع ہو گی۔ خلاف ورزی کی صورت میں بلدیاتی اور دیہی امور کی وزارت مخالفت کا ارتکاب کرنے والی تنصیب کو 24 گھنٹے کے لیے بند کر دے گی۔ دوسری بار خلاف ورزی کی صورت میں 48 گھنٹوں کی بندش، تیسری بار خلاف ورزی کی صورت میں ایک ہفتے کی بندش چوتھی بار خلاف ورزی کی صورت میں دو ہفتوں کی بندش اور پانچویں بار یا اس سے زیادہ مرتبہ خلاف ورزی پر ایک ماہ کی بندش عمل میں آئے گی۔

  • وزارت داخلہ، وزارت تجارت، وزارت سماجی بہبود، وزارت سیاحت اور وزارت بلدیات و دیہی امور اس سلسلے میں پروٹوکول اور احتیاطی اقدامات پر عمل درامد کی کڑی نگرانی کے لیے کوششوں کو بھرپور بنائیں گی۔ علاوہ ازیں متعلقہ ادارے اپنے زیر انتظام جگہوں پر خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں گے۔

  • قبرستانوں میں احتیاطی اقدامات، حفاظتی تدابیر، سماجی فاصلے اور ماسک پہننے کو یقینی بنایا جائے گا۔

  • قبرستان میں جنازوں کی نمازوں کو دن بھر کے مختلف اوقات کار پر تقسیم کیا جائے گا تا کہ ایک وقت میں جنازوں میں شریک افراد کی تعداد کو کم کیا جا سکے۔ نماز جنازہ کے دوران سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے گا۔


  • ۔ بلدیاتی و دیہی امور کی وزارت اور دیگر نگراں ادارے ریستورانوں اور قہوہ خانوں میں نگرانی کو سخت بنائیں گے تا کہ احتیاطی اقدامات پر عمل درامد کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس سلسلے میں ریستورانوں اور قہوہ خانوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر عمل کرایا جائے گا۔

مذکورہ بالا تمام امور پر آج جمعرات 4 فروری 2021ء کی صبح 10 بجے سے عمل شروع ہو جائے گا۔

بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔