اسرائیلی پولیس کی جارحیت میں 31 فلسطینی شدید زخمی
اس سال یہودیوں کا تہوار عید الفصح بھی رمضان کے ساتھ ہی آیا ہے اور عیسائیوں کی چھٹیاں بھی اسی دوران ہیں جس کی وجہ سے وہاں کافی بھیڑ ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں واقع مسجد الاقصیٰ کے احاطے میں اسرائیلی پولیس اور فلسطینیوں کے درمیان پھر جھڑپیں ہوئی ہیں جس میں 31 فلسطینی شدید زخمی بتائے جاتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح اسرائیلی پولیس مسجد کے احاطے میں داخل ہوئی اور وہاں موجود فلسطینی نوجوانوں پر آنسو گیس کے گولے پھینکے اور ربڑ کی گولیاں چلائیں۔
اطلاعات کے مطابق فلسطینی نوجوانوں نے اسرائیلی پولیس کی جانب پتھراؤ کیا تھا جس کے بعد پولیس مسجد کے احاطے میں داخل ہوئی اور ربڑ کی گولیوں کے علاوہ آنسو گیس کے گولے پھینکے ۔اسرائیلی پولیس کے مطابق صبح کی نماز سے پہلے پتھراؤ کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا تاہم پولیس اہلکاروں نے نماز ختم ہونے کا انتظار کیا جس کے بعد وہ احاطے میں داخل ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق چند بڑی عمر کے فلسطینیوں نے نوجوانوں کو پتھر پھینکنے سے روکا بھی لیکن درجنوں کی تعداد میں نقاب پوش نوجوانوں نے پولیس کی جانب پتھراؤ کیا اور آتش بازی کی۔صورتحال اس وقت قابو میں آئی جب فلسطینیوں کا ایک گروہ مسجد میں داخل ہوا اور جمعے کی نماز سے پہلے صفائی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جس کے بعد پولیس مسجد کے گیٹ سے باہر نکل گئی۔
فلسطینی ریڈ کریسنٹ میڈیکل سروس کا کہنا ہے کہ کم از کم 31 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 14 کو ہسپتال پہنچایا گیا۔پولیس کے مطابق ایک خاتون پولیس افسر کے چہرے پر بھی پتھر لگا تھا جنہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔
اردن اور فلسطین نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ زیادہ تعداد میں یہودیوں کو مسلمانوں کے مقدس مقام پر آنے کی اجازت دے کر معاہدے کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔گزشتہ سالوں کی طرح اس مرتبہ بھی ماہ رمضان کے آخری دس دنوں میں یہودیوں کی اس مقام پر آنے کی پابندی عائد ہے تاہم اس سال یہودیوں کا تہوار عید الفصح بھی رمضان کے ساتھ ہی آیا ہے جبکہ عیسائیوں کی چھٹیاں بھی اسی دوران ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ تینوں مذاہب کے ماننے والوں کا آج کل مقبوضہ بیت المقدس کے قدیمی علاقوں میں بھیڑ ہے۔ (بشکریہ العربیہ ڈاٹ نیٹ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔