’نثار‘ مشن پر ساتھ مل کر کام کر رہے اِسرو اور ناسا، 2024 میں مشن لانچ کرنے کی تیاری
اِسرو اور ناسا کے سائنسداں ’ناسا-اِسرو سنتھیٹک ایپرچر رڈار (نثار) مشن پر مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ خلائی طیارہ سے آنے والے ڈاٹا کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔
ہندوستانی خلائی ایجنسی اِسرو اور امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے سائنسداں ایک ساتھ مل کر ’نثار‘ (این آئی ایس اے آر) مشن پر کام کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں جیٹ پروپلشن لیباریٹری (جے پی ایل)، نیشنل ایروناٹکس اینڈ اسپیس ایڈمنسٹریشن (ناسا) کی ڈائریکٹر لاری لیشن نے کہا کہ ’’دونوں خلائی ایجنسیوں اسرو اور ناسا کے سائنسداں ناسا-اِسرو سنتھیٹک ایپرچر رڈار (این آئی ایس اے آر) مشن پر مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ خلائی طیارہ سے آنے والے ڈاٹا کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ نثار مشن کو 2024 کے شروع میں لانچ کیا جانا ہے۔ نثار (ناسا-اسرو سنتھیٹک ایپرچر رڈار) کی مختصر شکل ناسا اور اِسرو کے ذریعہ مشترکہ طور سے تیار کی جا رہی ہے تاکہ زمین کی سطح اور برف کی سطح کی سرگرمیوں کو بے حد باریکی سے ٹریک کیا جا سکے۔ لیشن نے بنگلورو میں خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ کو بتایا کہ ’’ہم نثار پر ناسا اور اِسرو کے درمیان کام کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں، جو زمین کی سطح کو دیکھنے کے لیے ایک رڈار مشین ہے اور ساتھ ہی بتائے گا کہ یہ کس طرح تبدیل ہو رہی ہے۔ ہندوستان میں وہ یہ سمجھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں کہ ساحلوں پر مینگروو ماحول کیسا ہے اور کس طرح بدل رہا ہے۔ ہم پتہ لگائیں گے کہ برف کی چادریں کس طرح بدل رہی ہیں اور دنیا بھر میں زلزلے و آتش فشاں کیسے آ رہے ہیں۔ ہماری زمین کو بہتر طریقے سے سمجھنے کے لیے کئی الگ الگ پہلو ہیں۔‘‘
لیشن کا کہنا ہے کہ ’’بنگلورو میں جے پی ایل (جیٹ پروپلشن لیباریٹری) کے ہمارے ساتھی کا اِسرو میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کام کرنا بہت دلچسپ رہا ہے۔ حیرت انگیز تعاون، شاندار ٹیم وَرک اور ایک دوسرے سے سیکھنا، ٹیم بہت اچھا کام کر رہی ہے۔ مشن پر اِسرو اور ناسا مل کر 50-50 فیصد کی طرح کام کر رہے ہیں۔‘‘ ناسا سے تعلق رکھنے والی لیشن کا یہ بھی کہنا ہے کہ مستقبل میں وہ زمینی سائنس سے الگ ہر طرح کی چیزوں پر کام کرنے کے لیے تیار ہیں، غالباً چاند اور مریخ سیارہ پر مستقبل کے مشنوں میں بھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔