’طلبا خوف کی بجائے شوق کے ساتھ اپنی تعلیم کو آگے بڑھائیں‘، غزال مہدی نے بیان کی تعلیم کی اہمیت
غزال مہدی نے صحت سے متعلق بیداری کی اہمیت بتاتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ گٹکا کھینی، بیڑی سگریٹ اور ہر قسم کے نشہ آور اشیاء سے خود کو دور رکھیں۔
تعلیم اور صحت سے متعلق بیداری، کھانے اور پانی جیسی زندگی کی بنیادی ضروریات ہیں، جنہیں ایک دوسرے سے الگ نہیں کیا جا سکتا ہے۔ گُٹکا، کھینی، تمباکو نوشی اور دیگر نشہ آور اشیاء اور ڈینگو بخار کے خلاف بیداری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ یہ بات ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن پروموشن ٹرسٹ کے سکریٹری اور سواستھ جاگروکتا ابھیان (سوستھ نہٹور) کے تحت چلائے جانے والے مفت شوگر اینڈ بلڈ پریشر جانچ سنٹر کے روح رواں غزال مہدی نے ’اُچ پرائمری اسکول بلاس پور (بجنور)‘ میں بحیثیت مہمان خصوصی ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ یہ جلسہ ’مفت کتابوں کی تقسیم‘ کے موقعہ پر منعقد کیا گیا تھا۔
غزال مہدی نے کہا کہ تعلیم اور صحت سے متعلق بیداری، کھانے اور پانی کی طرح زندگی کی بنیادی ضروریات ہیں، جنہیں الگ نہیں کیا جا سکتا ہے اس لئے گُٹکا، کھینی، تمباکو نوشی اور دیگر نشہ آور اشیاء اور ڈینگو بخار کے خلاف بیداری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ غزال مہدی نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے طلباء سے کہا کہ وہ خوف کی بجائے شوق کے ساتھ اپنی پڑھائی کو آگے بڑھائیں اور اس راہ میں آنے والے ہر مشکل مسئلے کو بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنے اساتذہ کے سامنے رکھیں تاکہ وہ اپنی زندگی میں کچھ اچھا کر دکھانے کے خواب کو پورا کر سکیں۔
غزال مہدی نے صحت سے متعلق بیداری کی اہمیت بتاتے ہوئے طلباء پر زور دیا کہ وہ گٹکا، کھینی، بیڑی سگریٹ اور ہر قسم کے نشہ آور اشیاء سے خود کو دور رکھیں اور اس کے خلاف بیداری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ڈینگو بخار کے بڑھتے معاملات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈینگو اسی موسم میں پھیلتا ہے اور یہ ان دنوں بہت زیادہ پھیل رہا ہے۔ ہزاروں لوگ اس کی لپیٹ میں ہیں اور کچھ لوگوں کی موت بھی ہو چکی ہے۔ اگر ہم سب مل کر اپنے اردگرد 300 سے 400 میٹر کے علاقے سے مچھروں کی افزائش کو ختم کر دیں تو ڈینگو سے بچ سکتے ہیں۔ اس لیے اپنے اردگرد ایڈِس مچھروں کی افزائش گاہوں کو تلف کرنا سب سے ضروری ہے۔ ہر ایسی جگہ کو ختم کریں جہاں پانی جمع ہو سکتا ہے، اور جہاں پانی جمع ہوتا ہے وہاں سے پانی کو صاف کریں، گڑھے بھریں، ٹھنڈی ہوا کے لئے چلائے جانے والے کولروں کا پانی جلدی جلدی بدلیں، برتنوں اور درختوں کے کھوکھلے تنوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، پانی کے ٹینکوں کو ڈھانپ کر رکھیں۔ یہ مچھر دن کے وقت کاٹتا ہے اس لیے ایسے کپڑے پہنیں جو پورے جسم کو ڈھانپیں، اپنے پیروں میں موزے اور جوتے پہنیں، مچھر بھگانے والی دوا کا چھڑکاؤ کرائیں۔ بخار کی صورت میں اپنا علاج خود کرنے کے بجائے فوری طور پر مستند ڈاکٹر سے رجوع کریں”۔
’مفت کتابوں کی تقسیم‘ کے اس جلسہ میں مہمان اعزازی اطاعت حسین نے طلباء سے کہا کہ وہ لگن سے مطالعہ کریں اور اپنے بزرگوں اور اساتذہ کا احترام کریں۔ جلسہ کی نظامت استانی صحیفہ ضیاء نے کی اور استانی نیشا چوہدری نے جلسہ میں موجود مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔