دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے حج فارم دہندگان سے کی ملاقات
حج بیت اللہ 2024 کے لیے آن لائن درخواست فارم بھرنے کے لیے 4 دسمبر 2023 سے 20 دسمبر 2023 تک کی مدت مقرر کی گئی ہے۔
نئی دہلی: حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے حج بیت اللہ 2024 کے لیے فارم بھرنے کے اعلان کے بعد 4 دسمبر 2023 سے حج فارم بھرنے کے سلسلے کا آغاز ہو چکا ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی میں مقدس سفر حج پر جانے کے لیے خواہشمند عازمین حج کی آمد شروع ہو گئی ہے۔ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر حج منزل، ترکمان گیٹ پر اب تک تقریباً 100 حج فارم بھرے جا چکے ہیں۔
اس درمیان آج مورخہ 6 دسمبر 2023 کو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے حج کمیٹی کے دفتر میں فارم بھرنے کے لیے موجود درخواست گزار عازمین حج سے ملاقات کی۔ یہاں چیئرپرسن نے انہیں حج بیت اللہ کے لیے منتخب کیے جانے پر نیک خواہشات اور مبارکباد پیش کی۔ کوثر جہاں نے اس سلسلے میں حج فارم بھرنے والے عازمین سے یہ بھی درخواست کی کہ وہ اپنے اپنے علاقہ اور محلوں میں حج کا ارادہ رکھنے والے لوگوں کو اس کی معلومات فراہم کریں اور اگر کسی کو کسی بھی قسم کی دقت اور پریشانی کا سامنا ہو تو دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر سے رابطہ قائم کریں۔ کوثر جہاں نے مسائل کا سامنے کرنے والے لوگوں کی پوری مدد کیے جانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
واضح رہے کہ حج بیت اللہ 2024 کے لیے آن لائن درخواست فارم بھرنے کے لیے 4 دسمبر 2023 سے 20 دسمبر 2023 تک کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ درخواست فارم بھرنے کا سلسلہ شروع بھی ہو گیا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں بڑی تعداد میں فارم بھرے جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔