پاکستان: گوادر میں خودکش دھماکہ سے افرا تفری، 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق
دھماکہ ایکسپریس وے کی تعمیر پر مامور عملے کی گاڑی کے قریب ہوا، ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
اسلام آباد: بلوچستان کے ضلع گوادر میں چین کے شہریوں کو لے جانے والی گاڑی کے قریب ’خودکش دھماکہ‘ میں دو بچوں سمیت تین افراد کے جاں بحق ہونے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق گوادر کے علاقے بلوچ وارڈ میں دھماکے کے نتیجے میں 2 بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوئے، جب کہ 2 دیگر زخمی ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایکسپریس وے کی تعمیر پر مامور عملے کی گاڑی کے قریب ہوا۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جس کے بعد شواہد اکٹھے کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ 8 اگست کو کوئٹہ سرینہ چوک پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 18 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس ذرائع کا کہناہے کہ سرینا چوک کے قریب دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے سرینا ہوٹل کے قریب دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پرافسوس کا اظہار کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔