پوپ فرانسس نے اپنے خطاب میں روہنگیا مسلمانوں کا ذکر تک نہیں کیا

یانگون: مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے میانمار میں تمام نسلی گروہوں کے احترام کا مطالبہ کیا ہے، تاہم انہوں نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن کا کوئی حوالہ نہیں دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 80 سالہ پوپ فرانسس میانمار کے چار روزہ دورے پر ہیں، جہاں ایک تقریب سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا میانمارخانہ جنگی اور تشدد کی وجہ سے تقسیم کا شکار ہوتا جارہا ہے، لیکن اس موقع پر پوپ نے روہنگیا مسلمانوں کے تذکرے سے اجتناب کیا۔

واضح رہے کہ انسانی حقوق کے اداروں نے زور دیا تھا کہ پوپ فرانسس کو دورہ میانمار کے دوران روہنگیا اقلیت کا حوالہ ضرور دینا چاہیے تاکہ ان کا کیس زیادہ بہتر طریقے سے نمایاں ہو سکے۔ تاہم میانمار میں کیتھولک چرچ نے مشورہ دیا تھا کہ اگر پوپ فرانسس اس ملک میں اس طرح کا کوئی براہ راست بیان دیں گے تو مقامی کیتھولک مسیحیوں کے لیے مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔

پوپ فرانسس نے کہا کہ میانمار کا مستقبل امن ہونا چاہیے، وہ امن جس میں معاشرے کے ہر رکن کے وقار اور حقوق کا احترام ہو، ہر نسلی گروہ اور اس کی شناخت کا احترام ہو، قانون کی بالادستی کا احترام ہو اور ایک ایسی جمہوری حکومت ہو، جس میں ہر فرد اور ہر گروپ کا احترام ہو اور اس میں سب کو جائز حصہ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ میانمار کا سب سے بڑا خزانہ اس کے لوگ ہیں، انھیں بہت سے مصائب اٹھانے پڑے اور طویل سول تنازع اور دشمنیوں کی وجہ سے پیدا ہونے والے تفرقے کی وجہ سے وہ مصیبتیں اٹھاتے رہیں گے۔

میانمار حکومت اور فوج پر ریاست رخائن میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کا الزام ہے اور اسی صورتحال کے سبب رواں برس اگست سے سیکڑوں روہنگیا مسلمان ملک چھوڑ کر بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوچکے ہیں۔

میانمار کی حکومت نے ان افراد کے لیے روہنگیا کی اصطلاح کے استعمال سے انکار کرتے ہوئے انھیں بنگالی قرار دیا ہے، جس کا کہنا ہے کہ یہ افراد غیرقانونی طور پر نقل مکانی کرکے بنگلہ دیش سے آئے تھے اس لیے انھیں ملک کے نسلی گروہوں کی فہرست میں شامل نہ کیا جائے۔

دوسری جانب فوج کی جانب سے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ہونے والے پر تشدد واقعات پر میانمار کی نوبیل انعام یافتہ جمہوریت پسند رہنما آنگ سان سوچی کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیکمشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Nov 2017, 10:47 AM