لبنان دھماکہ دراصل ایک خوفناک حملہ، امریکہ مدد کے لیے تیار: ٹرمپ

امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ہم سمجھتے ہیں کہ لبنانی حکومت دھماکے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے جانچ میں مصروف ہے۔ ہم جانچ کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔‘‘

ڈونالڈ ٹرمپ
ڈونالڈ ٹرمپ
user

یو این آئی

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہوئے خوفناک دھماکے کو خوفناک حملہ قرار دیتے ہوئے ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کی شام صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ایک خوفناک حملہ معلوم پڑتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ لبنان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن امداد کے لئے تیار ہے۔

اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا کہ بیروت میں خوفناک دھماکے کی جانچ رپورٹ کا امریکہ منتظر ہے۔ پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہم سمجھتے ہیں کہ لبنانی حکومت دھماکے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے جانچ میں مصروف ہے۔ ہم جانچ کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔ وزارت خارجہ پوری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور لبنان کی ہر طرح سے مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔ ‘‘


امریکہ نے اس دھماکے کے بعد زہریلی گیسوں کے اخراج کی بات کہی ہے اور حادثے کے آس پاس رہنے والے لوگوں کو گھروں سے باہر نہ آنے کا مشورہ دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم لبنانی دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکے کی رپورٹ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس دھماکے کے بعد زہریلی گیسوں کے اخراج کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں ، اس لئے حادثے کے آس پاس رہنے والے لوگوں کو گھروں سے باہر نہ آنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک بندرگاہ پر منگل کی شام ہوئے زبردست دھماکے میں کم از کم 78 افراد ہلاک اور 4000 سے زائد دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔