دنیا کو ملا ایک نیا ملک، کیٹیلونیا نے خود کو اسپین سے الگ کیا
کیٹیلونیا کی پارلیمنٹ نے اسپین سے آزاد ہونے اور خود کو ایک آزاد جمہوری ملک کی شکل میں وجود میں آنے کا اعلان کر دیا۔ اس اعلان کے ساتھ ہی الگ جمہوری ملک سے متعلق تجاویز کو بھی کیٹیلونیا پارلیمنٹ نے پاس کر دیا۔ کیٹیلونیا کو اسپین سے الگ ملک بنانے یا نہ بنانے سے متعلق پارلیمنٹ میں خفیہ ووٹنگ کرائی گئی تھی جس میں آزادی کے حق میں 70 ووٹ ڈالے گئے جب کہ خلاف میں محض 10 ووٹ پڑے۔ اس ووٹنگ کے دوران 2 ارکان پارلیمنٹ غیر حاضر رہے۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ کیٹیلونیا کی 135 رکنی پارلیمنٹ میں ووٹنگ سے قبل اسپین سے علیحدگی نہ چاہنے والے ممبران پارلیمنٹ واک آؤٹ کر گئے تھے۔ آزادی کی مخالفت کر رہے ممبران پارلیمنٹ کا کہنا تھا کہ اس اعلان کو اسپین اور بیرون ممالک سے آفیشیل منظوری ملنے کا امکان نہیں ہے۔
جہاں تک اسپین کا سوال ہے، وہ اس پورے معاملے سے خوش نہیں ہے۔ یہاں تک کہ امریکہ نے بھی اسپین کی پرزور حمایت کی ہے اور کیٹیلونیا کو اسپین کا اَٹوٹ حصہ بتایا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان ہتھر نارٹ نے اپنا ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ’’امریکہ کیٹیلونیا کو مضبوط اور متحد رکھنے کے لیے اسپین کے آئینی اقدامات کی پرزور حمایت کرتا ہے۔‘‘ انھوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ امریکہ اور اسپین NATO کے اہم رکن ہیں اس لیے دونوں ملک ایک دوسرے کے مشترکہ تحفظ اور اقتصادی ترجیحات میں مکمل تعاون کرتے ہیں۔ دوسری طرف میکسیکو نے بھی کیٹیلونیا کو الگ ملک کی شکل میں ماننے سے انکار کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دنوں پہلے ہی اسپین کی دوسری سب سے بڑی ریاست کیٹیلونیا میں تشدد کے درمیان ایک عوامی رائے شماری ہوئی تھی جس میں 90 فیصد لوگوں نے اسپین سے الگ ہونے کے حق میں ووٹنگ کی تھی۔ 75 لاکھ کی آبادی والی اس ریاست میں تقریباً 40 فیصد لوگوں نے اس رائے شماری میں حصہ لیا تھا۔ کیٹولینا حکومت کے ترجمان جورڈی ٹورُل نے اس سلسلے میں بتایا کہ تقریباً 22 لاکھ ووٹوں کی گنتی کی گئی تھی جس میں تقریباً 20 لاکھ ووٹ اسپین سے الگ ہونے کے حق میں پڑے تھے۔ حالانکہ اسپین کی قیادت نے اس رائے شماری کو خارج کر دیا تھا اور وہاں کی عدالتوں نے بھی کیٹیلونیا کو الگ ہونے سے روکنے کا مشورہ دیا تھا۔ اس سلسلے میں اسپین کی پولس نے کیٹیلونیا کے کئی افسران کو گرفتار بھی کیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ اسپین میں 2015 میں ہوئے انتخابات میں کیٹیلونیا علیحدگی پسندوں کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ اس انتخابات کے دوران ہی انھوں نے کیٹیلونیا کو آزاد کرانے کے لیے رائے شماری کرانے کا وعدہ کیا تھا جس پر انھوں نے عمل کیا اور 90 فیصد ووٹ آزادی کے حق میں پڑنے کے بعد جمعہ کو باضابطہ کیٹیلونیا پارلیمنٹ نے اسپین سےالگ ایک ملک کے قیام کا اعلان کر دیا۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 28 Oct 2017, 12:17 PM