ہر 10 میں سے 8 ٹوئٹر اکاؤنٹ فرضی، امریکہ کے سابق سیکورٹی اہلکار کا دعویٰ

ڈین ووڈس نے بتایا کہ 80 فیصد سے زائد ٹوئٹر اکاؤنٹس غالباً فرضی ہیں، سابق سی آئی اے سائبر سیکورٹی ماہر کے مطابق مسک اور ٹوئٹر دونوں نے مائیکرو-بلاگنگ پلیٹ فارم پر بوٹ مسئلہ کا کمتر اندازہ کیا ہے۔

ٹوئٹر اور ایلن مسک، تصویر آئی اے این ایس
ٹوئٹر اور ایلن مسک، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

امریکہ کے لاء انفورسمنٹ ڈپارٹمنٹ اور خفیہ تنظیموں کے ساتھ 20 سال سے زیادہ وقت گزارنے والے سائبر سیکورٹی کمپنی ایف 5 میں انٹلیجنس کے گلوبل ہیڈ ڈین ووڈس نے دعویٰ کیا ہے کہ 10 میں سے 8 ٹوئٹر اکاؤنٹس فرضی ہیں۔ ووڈس کے اس بیان سے ٹوئٹر ڈیل ختم کرنے کے لیے مقدمے کا سامنا کر رہے ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹیو افسر ایلن مسک کو بڑی راحت مل سکتی ہے۔

ڈین ووڈس نے ’دی آسٹریلین‘ کو بتایا کہ 80 فیصد سے زیادہ ٹوئٹر اکاؤنٹس غالباً فرضی ہیں۔ سابق سی آئی اے اور ایف بی آئی سائبر سیکورٹی ماہر ووڈس کے مطابق مسک اور ٹوئٹر دونوں نے مائیکرو-بلاگنگ پلیٹ فارم پر بوٹ مسئلہ کا کمتر اندازہ لگایا ہے۔ یہ ایک بڑا دعویٰ ہے کیونکہ ٹوئٹر کہتا ہے کہ اس کے صرف 5 فیصد صارف بوٹ یا اسپیم ہیں، یعنی فرضی ہیں۔


ایلن مسک نے نیوز آرٹیکل کو ٹیگ کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا جس میں لکھا ’’یقیناً 5 فیصد سے زیادہ لگتا ہے۔‘‘ انھوں نے طنز کرتے ہوئے کہا ’’ڈالر/بوٹ کی بنیاد پر یہ معاہدہ کمال کا ہے۔‘‘ مسک نے 44 ارب ڈالر کے ٹوئٹر حصولی معاہدے کو ختم کر دیا ہے اور معاملہ اب ایک امریکی عدالت میں ہے۔ وہسل بلووَر پیٹر مڈگے جیٹکو کی گواہی کا حوالہ دیتے ہوئے مسک اب 17 اکتوبر کے لیے مقررہ ٹوئٹر ٹرائل شروع کرنے کے لیے عدالت سے زیادہ وقت مانگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ جیٹکو 13 ستمبر کو امریکی کانگریس میں پراگ اگروال کی قیادت والے ٹوئٹر کے خلاف لگائے گئے الزامات پر گواہی دینے کے لیے تیار ہیں۔

سابق ٹوئٹر سیکورٹی چیف نے الزام لگایا ہے کہ ٹوئٹر نے اپنی سیکورٹی رواجوں اور فرضی اکاؤنٹس کی حقیقی تعداد کے بارے میں ریگولیٹرس کو گمراہ کیا ہے۔ جیٹکو کو مسک کی قانونی ٹیم سے ٹوئٹر اور مسک کے درمیان چل رہے مقدمے میں 9 ستمبر کو ایک بیان کے لیے پیش ہونے کے لیے ایک سمن بھی ملا ہے۔ اس درمیان مسک نے کہا ہے کہ ٹوئٹر وہسل بلووَر کی گواہی مائیکرو-بلاگنگ پلیٹ فارم کو خریدنے کے لیے 44 ارب ڈالر کے معاہدے کے خاتمہ کو درست ٹھہراتی ہے۔ ٹیسلا کے سی ای او کو عدالت میں یہ ثابت کرنا ہوگا کہ ٹوئٹر نے انضمام سے متعلق معاہدہ کے کچھ پہلو کی خلاف ورزی کی ہے، ورنہ انھیں معاہدہ رد کرنے کے لیے ایک ارب ڈالر کا جرمانہ بھرنا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔