گوتم اڈانی اور ساگر اڈانی کو امریکہ کے سیکورٹی ایکسچینج کمیشن نے بھیجا نوٹس، جواب کے لیے 21 دنوں کا ملا وقت

نیویارک ایسٹ ڈسٹرکٹ کورٹ کی طرف سے 21 نومبر کو گوتم اڈانی اور ساگر اڈانی کو نوٹس بھیجا گیا ہے، دونوں کو ہی جواب دینے کے لیے 21 دنوں کی مہلت دی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن، امریکہ</p></div>

سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن، امریکہ

user

قومی آواز بیورو

رشوت ستانی معاملہ میں گوتم اڈانی پر امریکہ کی گرفت مضبوط ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق گوتم اڈانی اور ان کے بھتیجے ساگر اڈانی کو امریکہ کے سیکورٹی ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی) کی طرف سے نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ امریکی شیئر مارکیٹ ریگولیٹر ایس ای سی نے دونوں سے ان کے اوپر لگے الزامات سے متعلق اپنا رخ واضح کرنے کی ہدایت دی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ گوتم اڈانی اور ساگر اڈانی سمیت 7 افراد پر سولر انرجی کانٹریکٹ حاصل کرنے کے لیے 2200 کروڑ روپے کی رشوت دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ امریکی شیئر مارکیٹ ریگولیٹر نے دونوں کو اسی معاملے میں سمن بھیجا ہے اور 21 دنوں کے اندر جواب دینے کے لیے کہا ہے۔ ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 ہندی ڈاٹ کام‘ پر شائع رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نیویارک ایسٹ ڈسٹرکٹ کورٹ کی طرف سے 21 نومبر کو گوتم اڈانی اور ساگر اڈانی کو نوٹس بھیجا گیا ہے۔


جانکاری کے مطابق دونوں کو ہی بھیجے گئے سمن میں جواب دینے کے لیے 21 دنوں کی مہلت دی گئی ہے۔ سمن میں کہا گیا ہے کہ جس دن سمن ملا ہے اسے چھوڑ کر 21 دنوں میں سیکورٹی ایکسچینج کمیشن کو سمن میں منسلک شکایت کا جواب دینا ہوگا، یا پھر فیڈرل سول پروسیس کے اصول 12 کے تحت تجویز داخل کرنے پر عمل کرنا ہوگا۔ سمن کے مطابق اگر اڈانی طے وقت پر جواب نہیں دیتے ہیں تو مناسب کارروائی بھی کی جائے گی۔ یعنی اڈانی کو طے وقت پر اپنی تجویز یا جواب داخل کرنا ہی ہوگا۔