اہم خبریں: ووڈا فون-آئیڈیا اور ایئرٹیل کا پری پیڈ پلان ہوا مہنگا
ایئرٹیل اور ووڈا فون آئیڈیا کا پری پیڈ پلان ہوا مہنگا
نئی: ٹیلی مواصلات کے شعبہ میں کال کی شرحوں میں مسابقت کے ساتھ ہی سرکاری ٹیکسوں کے بقایہ کی ادائیگی کی وجہ سے دباؤ کے سبب ٹیلی کام آپریٹروں ووڈا فون آئیڈیا لمیٹڈ اور بھارتیہ ایئرٹیل نے نئے پلان پیش کیے ہیں جس سے اب کال کی شرحوں کے ساتھ ہی موبائل انٹرنیٹ بھی مہنگا ہوگیا ہے۔ دونوں کمپنیوں کی نئی شرحیں تین دسمبر سے قومی سطح پر نافذالعمل ہونگی۔ اب ووڈا فون آئیڈیا یا ایئرٹیل سے بھی دوسرے آپریٹروں پر ایک مقررہ حد سے زیادہ کال کرنے پر چھ پیسے فی منٹ کا چارج لگے گا۔
ووڈا فون نے اتوار کویہاں جاری ایک بیان میں یہ اطلاع دیتے ہوئے پری پیڈ خدمات کے لیے دودن ، 28دن ، 84دن اور 365 دن کے نئے پلان پیش کیے۔ نئے پلان سابقہ پلان کے مقابلہ تقریباً 40 فیصد تک مہنگے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی کمپنی نے دوسرے آپریٹروں پر کی جانے والی کال کی بھی حد مقرر کردی ہے۔ اب گاہک ووڈا فون آئیڈیا سے ایئرٹیل، بی ایس این ایل اور جیو پر ایک مقررہ حد تک ہی کال کرسکیں گے۔
ووڈا فون سے ووڈا فون یاووڈا فون سے آئیڈیا یا آئیڈیا سے ووڈا فون یا آئیڈیا سے آئیڈیا کی کال کو آن نیٹ کال مانا جائیگا جبکہ ووڈا فون آئیڈیا سے دوسرے آپریٹروں پر کال کو آف نیٹ کال مانا جائیگا اور مقررہ حد سے زیادہ کال کرنے پر چھ پیسے فی منٹ کا چارج لگے گا۔
سہارنپور: بی جے پی لیڈروں کے قتل کا خلاصہ کرنے والی پولس ٹیم کو انعام
سہارنپور: اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولس(ایس ایس پی) دنیش کمار نے دیوبند میں بی جے پی کے دو لیڈروں کے قاتلوں کو گرفتار کرنے والے پولس اہلکار کو میمنٹو دے کر ان کی عزت افزائی کی۔
ایس ایس پی دنیش کمار نے کہا کہ دونوں لیڈروں کے قتل کا خلاصہ کرنا پولس کے لئے ایک چیلنج تھا اس لئے ہماری پولس ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔ پولس کے کام کا ذکر تے ہوے سنیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولس کئی بار جذباتی ہوئے اور ٹیم کی جم کر تعریف کی۔
اعزاز یافتہ پولس اہلکاروں میں دیوبند کوتوالی انچارج انسپکٹر یگیہ دت شرما، انسپکٹر دیوبند سنجے سنگھ، سب انسپکٹر گیانیندر سروہی کے علاوہ دیگر کئی تھانوں کے انسپکٹر اور سب انسپکٹر شامل تھے۔ اس موقع پر دیوبند کے معزز شہریوں نے ایس ایس پی اور ان کی پوری ٹیم کے ذریعہ دونوں لیڈروں کے قتل کا خلاصہ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ تہنیتی پروگرام سنیچر کی شب دیوبند میں منعقد کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ گذشتہ دنوں دیوبند کے بی جے پی کونسلر دارا سنگھ اور گاؤں مرگپور باشندہ بی جے پی لیڈر یش پال سنگھ کا قتل کردیا گیا تھا۔
دہلی کی اورنگ زیب لین کے سائن بورڈ پر اکالی دل کے رکن اسمبلی نے سیاہی پھیری
شرومنی اکالی دل کے ایم ایل اے منجندر سنگھ سرسا اور دیگر دہلی سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ممبروں نے اتوار کے روز دہلی میں واقع اورنگ زیب لین کے سائن بورڈ پر کالک پھیر دی۔ ان کا مطالبہ ہے کہ ملک کی سڑکوں اور کتابوں سے اورنگزیب کا نام نکال دیا جائے۔
رکن اسمبلی منجندر سنگھ سرسا نے کہا کہ ’اورنگزیب ایک قاتل تھا اور اس کا نام دیکھ کر ہمارے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔‘
بی جے پی میں بغاوت کا خدشہ! پنکجا منڈے نے کارکنان کا اجلاس طلب کر لیا
مہاراشٹرا میں اقتدار کی تبدیلی آتے ہی بی جے پی میں بغاوت ہونے کے آثار نظر آ رہے ہیں۔ پارٹی کی رہنما پنکجا منڈے نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں اپنے والد گوپی ناتھ منڈے کی برسی کے موقع پر 12 دسمبر کو اپنے حامیوں کا اجلاس طلب کیا ہے۔ پنکجا منڈے نے پوسٹ میں لکھا ، ’’بدلتے ہوئے سیاسی ماحول میں طاقت کو تسلیم کرنے کی ضرورت ہے، 8-10 دن میں ایک بڑا فیصلہ لیا جائے گا۔‘‘
سوما برمن نے آڈیٹر جنرل کا عہدہ سنبھالا
نئی دہلی: سوما رائے برمن نے اتوار کو ملک کے نئے کنٹرولر اور آڈیٹر جنرل کا عہدہ سنبھال لیا۔ برمن انڈین پبلک اکاؤنٹس سروس کی 1986بیچ کی افسر ہیں اور انہوں نے ملک کے 24ویں کنٹرولر اور آڈیٹر جنرل کے طورپر عہدہ سنبھالا ہے ۔وہ دہلی یونیورسٹی سے ایم فل ہیں۔
انہوں نے 33سال کے اپنے طویل کریئرمیں داخلہ،اطلاعات و نشریات،صنعت،خزانہ،انسانی وسائل،نقل و حمل،جہاز رانی سمیت کئی وزارتوں میں اہم عہدوں پر کام کیا ہے۔وہ مرکزی پنشن اکاؤنٹنگ دفتر کی سربراہ رہی ہیں۔وہ اقتصادی معاملوں کے محکمے میں سکریٹری کے طورپر’ بجٹ سیکشن‘میں اپنی خدمات دینے کے ساتھ ہی کنٹرولر اور آڈیٹر جنرل کے دفتر میں ڈائریکٹر بھی رہی ہیں۔
اس سے پہلے انہوں نے سی جی اے میں اڈیشنل آڈیٹر جنرل کے طورپر بھی کام کیا ہے۔مرکزی حکوتم میں عوامی مالیات کے انتظام کے شعبے کو اور مضبوط بنانے کےلئے انہوں نے کئی اہم قدم اٹھائے ہیں۔
دیویندر فڑنویس مہاراشٹر اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر
ممبئی: مہاراشٹر کے ساتھی وزیر اعلی اور بی جے پی لیڈردیویندر فڈنویس اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔ جبکہ ناناپٹولے کو ایوان کا اسپیکر منتخب کرلیا گیا ہے۔ پٹولے کے بلا مقابلہ اسمبلی اسپیکر منتخب ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، شیوسینا اور کانگریس -این سی پی کے تمام لیڈران نے انہیں مبارکباد پیش کی۔
واضح رہے کہ بی جے پی کے امیدوار نے نام واپس لے لیا تھا، جس کے بعد پٹولے کو بلا مقابلہ اسپیکر منتخب کر لیا گیا۔ انہیں ادھو اور جینت پاٹل نے اسپیکر کی مسند تک پہنچایا۔ اس موقع پر ادھو نے پٹولے کے کام اور سیاسی سرگرمیوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایک کسان کے بیٹے کو اسپیکر کے عہدہ پر دیکھ کر و ہ مسرور ہیں۔
دو ہزار روپے کی رشوت لینے کے الزام میں خاتون انسپکٹر معطل
مرادآباد: اترپردیش کے ضلع مرادآباد کے خاتون تھانے میں تعینات ایک خاتون سب انسپکٹر کو دو ہزار روپئے کی رشوت لینے کے الزام میں معطل کردیا گیا ہے۔ پولس ذرائع نے اتوار کو بتایا کہ لاجپت نگر باشندہ جسپریت کی شادی کرنال میں رہنے والے پروین کمار سے ہوئی ہے۔ سسرال میں ہراساں کئے جانے کے معاملے میں اس نے شوہر سمیت سسرال والوں کے خلاف خاتون تھانے میں رپورٹ درج کرائی تھی۔اس معاملے میں جانچ خاتون سب۔انسپکٹر وینا کو سونپی گئی۔
الزام ہے کہ خاتون سب انسپکٹر نے جسپریت سے کرنال میں دبش دینے کے نام پر دو ہزار روپئے کی رشوت لی تھی۔ خاتون سب انسپکٹر کو روپئے دیتے متأثرہ نے ویڈیو بنالیا اور پولس افسران سے اس کی شکایت کی تھی۔ جانچ میں خاتون سب انسپکٹر کو قصوروار گردانتے ہوئے ایس پی امت پاٹھک نے خاتون سب انسپکٹر کو معطل کردیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے حملہ میں 18 سالہ فلسطینی نوجوان جان بحق
غزہ: اسرائیلی فوج نے مغربی ساحل کے علاقے میں فائرنگ کی جس میں ایک 18 سالہ فلسطینی نوجوان کی موت ہو گئی، فلسطین کی وزارت صحت نے ہفتہ کو یہ اطلاع دی۔ وزارت صحت نے مقامی سول سوسائٹي کے حوالہ سے بتایا کہ مارے گئے نوجوان کی شناخت 18 سالہ خالد بداوی مسلمه کے طور پر کی گئی ہے۔
مقامی ہلال احمر سوسائٹی کی ترجمان ارب الفقاحہ نے بتایا کہ الخلیل علاقہ کے بیت اویٰ میں یہ فائرنگ ہوئی۔شدید زخمی مسلمہ کو علاج کے لئے نہیں لے جایا گیا جس کی وجہ سے اس کی موت ہو گئی۔ ترجمان کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی فورسز نے زخمی نوجوان کو اسپتال لے جا رہی ایمبولینس کو آگے نہیں بڑھنے دیا۔ وقت پر علاج نہیں ملنے کی وجہ سے شدید زخمی فلسطینی نوجوان کی موت ہو گئی۔
اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ بیت اویٰ علاقہ میں تین افراد نے بم پھینکے اور توڑ پھوڑ کی جن کو ٹارگٹ کرکے گولیاں چلائیں گئی۔اس کے علاوہ دو افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
دہلی ہوائی اڈے پر مسافر نے کرائی طیارہ کی لینڈنگ
نئی دہلی: دہلی ہوائی اڈے پر ہفتہ کو ایک طیارہ کو پائلٹ کی بجائے جہاز میں سفر کرنے والے ایک مسافر نے لینڈ کرایا کفایتی فضائی سروس کمپنی انڈیگو کی پرواز نمبر 6 ای -6571 پونے سے دہلی آ رہی تھی۔ دہلی ہوائی اڈے پر انتہائی کم ویژوولٹی کی وجہ سے اس وقت کیٹ ہی 3 بی عمل نافذ تھا۔ طیارہ کا پائلٹ کیٹ 3 بی کے لئے تربیت یافتہ نہیں تھا۔
انڈیگو نے ایک بیان میں بتایا کہ اتفاق سے طیارہ میں کیٹ 3 بی تربیت یافتہ ایک پائلٹ مسافر کے طور پر سفر کر رہا تھا۔ موسم صاف ہونے کا انتظار کرنے کی بجائے لازمی اجازت لے کر ہوائی جہاز کے عملہ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اس کے بعد مسافر - پائلٹ نے پھر طیارے کی لینڈنگ کرائی۔
میکسیکو میں فائرنگ، 14 افراد ہلاک
میکسیکو سٹی: میکسیکو كی ریاست کوہلا کی ولا یونین نامی شہر میں سیکورٹی فورسز اور مسلح بدمعاشوں کے ایک گروپ کے درمیان تقریبا ایک گھنٹے تک ہونے والی فائرنگ میں کم از کم 14 افراد کی موت ہو گئی۔ حکام نے بتایا کہ ریاست كوهلا کے مذکورہ شہر میں میکسیکو کی سیکورٹی فورسز اور مشتبہ مسلح افراد کے درمیان ایک گھنٹے تک فائرنگ ہوئی۔
اے بی سی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریاست کے گورنر’میگوئل ركيوایلمے سولس‘ نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ میں مارے گئے لوگوں میں 4 پولیس اہلکار ہیں جبکہ کئی میونسپل اہلکار لاپتہ ہیں۔انہوں نے بتایا کہ مسلح گروپ کے بدمعاش ٹرکوں سے آئے اور 3،000 آبادی والے شہر پر دھاوا بول دیا۔
انہوں نے مقامی سرکاری حکام پر حملہ کیا جس کے بعد ریاست اور مرکز کے سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی۔گورنر نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز امن و امان بحال ہونے تک فوج کے جوان شہر میں موجود رہیں گے۔
انہوں نے کہا ’’مجرمانہ گروپوں کو علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘‘۔
امریکہ میں طیارہ حادثہ ، 9 افراد ہلاک، تین زخمی
نیویارک: امریکہ کی ریاست جنوبی ڈکوٹاکے چیمبرلین کے بیرونی علاقے میں ایک ہوائی جہاز کے گر کر تباہ ہونے سے 9 افراد ہلاک جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
مقامی براڈ کاسٹر كے ایس اے فوائی برولے کاؤنٹی کی اٹارني ٹریسا مولے روسو کے حوالہ سے ہفتہ کو بتایا کہ طیارہ حادثے کے شکار افراد میں دو بچے بھی شامل ہیں۔حادثہ اس وقت ہوا جب 12 افراد کو لے کر جا رہا ایک انجن والا ہوائی جہاز پرواز کے فورا بعد گر کر تباہ ہوگیا۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرا دیاگیا ہے۔
این بی سی نیوز کے مطابق طیارہ ریاست ایڈاہو کے ایڈاہو فالز جا رہا تھا۔ خیال رہے، حادثہ سے قبل نیشنل ویدر سروس نے موسم خراب ہونے اور طوفان کی وارننگ بھی جاری کی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔