اہم خبریں LIVE: سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت، 5 زخمی

سڑک حادثہ / یو این آئی
سڑک حادثہ / یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

06 Feb 2021, 6:29 PM

سڑک حادثے میں ایک شخص کی موت، 5زخمی

پریاگ راج: اترپردیش کے ضلع پریاگ راج کے میجا علاقے میں ہفتہ کو پیش آئے سڑک حادثے میں اسکارپیو سوار ایک مقامی افراد کی موت ہوگئی جبکہ دیگر پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ اسکارپیو میں ڈرائیور سمیت سات افراد سوار ہو کر چھتیس گڑھ کے پلما گاوں سے سنگم نہانے جا رہے تھے۔ میجا تھانہ علاقے میں نیشنل ہائی وے 76 کے میجا روڈ بازار کے پاور ہاوس کے نزدیک عقیدت مندوں سے بھری اسکارپیو بے قابو ہوکر سڑک کنارے کھڑے ٹرالے سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں سریش کمار سونی (55) کی موت ہوگئی جبکہ دیگر پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے کی شکار ہونے کے بعد مقامی لوگوں نے گاڑی میں بیٹھے افراد گجیندر شرما، گووی چند، منیش، رام بہادر، لکھن کا ابتدائی علاج کرایا۔ کرشنا کمار بال بال حادثے میں بچ گئے جبکہ کمیونٹی ہیلتھ سنٹر میں دوران علاج سریش کمار سونی کی موت ہوگئی۔

06 Feb 2021, 5:29 PM

دہلی کا کم از کم درجہ حرارت 7.4 ڈگری سیلسیس

نئی دہلی: دارالحکومت دہلی کا کم از کم درجہ حرارت ہفتے کے روز 7.4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا جو معمول سے دو ڈگری کم ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج یہ اطلاع دی۔ دارالحکومت میں جمعرات کے روز مغربی دباو کے اثر سے 2.1 ملی میٹر بارش ہوئی، اس دباو کے سبب پہاڑی علاقوں میں بھی برف باری ہوئی ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سیلسیس رہا۔ ہوا کے معیار اور موسم کی پیش گوئی اور تحقیق کے نظام کے مطابق، دہلی کی ہوا کا معیار اس ہفتے کے آخر میں انتہائی خراب زمرے میں رہا۔

06 Feb 2021, 4:29 PM

مافیاؤں کے سامنے ریاستی حکومت بے بس… کمل ناتھ

بھوپال: مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے آج الزام لگایا ہے کہ ریاستی حکومت مافیاؤں کے سامنے بے بس ہے۔ کمل ناتھ نے ٹوئٹ کرکے کہا کہ ریاست میں ہر روز مافیاؤں کے ذریعہ پولیس، سیکورٹی اہلکاروں پر حملے کے واقعات سامنے آرہے ہیں۔ ریت مافیہ، جنگل مافیہ سبھی طرح کے مافیہ فعال ہیں۔ ان واقعات سے یہ ثابت ہو رہا ہے کہ ریاستی حکومت مافیاؤں کے سامنے بے بس حالت میں ہے۔ کمل ناتھ نے کہا کہ ہم نے کانگریس حکومت میں زمینی کارروائی کرتے ہوئے ریاست میں مافیاؤں کو کچلنے اور نیست و نابود کرنے کی مہم چلائی تھی۔ اس کے گواہ خود ریاست کے عوام ہیں۔


06 Feb 2021, 3:35 PM

بیوی کے قتل کے الزام میں شوہر کو عمر قید

سری گنگانگر: راجستھان کے ہنومان گڑھ کی عدالت نے ایک شخص کو اپنی اہلیہ کے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ سیشن جج (نمبر دو) ستپال نے جمعہ کو ملزم پرہلاد کو قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے اس کیس میں عمر قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے اس پر دس ہزار روپے جرمانہ بھی کیا۔ جرمانے کی عدم ادائیگی پر اسے دو ماہ کی اضافی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ معاملے کے مطابق چار سال قبل 28 فروری کی شام پرہلاد نے ضلع کے گولو والا تھانہ علاقے میں اینٹوں کے بھٹے پر لوہے کی چھڑ سے اپنی بیوی ساوتری کو قتل کر دیا تھا۔

06 Feb 2021, 2:32 PM

عاشق نے بلیک میل کرنے پر معشوقہ کا گولی مار کر کیا قتل

پرتاپ گڑھ: اترپردیش میں پرتاپگڑھ ضلع کے تھانہ فتن پور پولیس نے گزشتہ 22 فروری کو ہوئے دوشیزہ کے قتل کا انکشاف کرتے ہوئے عاشق کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ ڈی ایس پی رانی گنج ڈاکٹر اتل انجان ترپاٹھی نے بتایا کہ سوروا مشرپور گاوں واقع گنّے کے کھیت سے گزشتہ 22 جنوری کو ایک دوشیزہ کی لاش برآمد ہوئی تھی جس کی شناخت سنیتا پٹیل بنت امربہادر پٹیل ساکن بھوجینی کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے نامعلوم کے خلاف قتل کی رپورٹ درج کر تحقیقات شروع کر دی۔ تحقیقات کے دوران مہیندر پٹیل کو گرفتار کر باز پرس کی گئی تو اس نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی سنیتا سے آشنائی تھی۔ وہ اس سے پیسوں کا مطالبہ کرتی تھی اور متعدد مرتبہ پیسہ لے بھی چکی تھی۔ اس نے 22 جنوری کو فون کرکے سنیتا کو گنّے کے کھیت میں بلایا۔ اس نے آکر پیسوں کا مطالبہ کیا جس پر اس نے اس کا گولی مار کر قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم مہیندر کی نشان دہی پر آلہ قتل طمنچہ 12 بور برآمد کر لیا ہے۔


06 Feb 2021, 1:29 PM

کمبھ میلے میں معاشرتی فاصلے پر عمل پیرا ہونے کے لئے خصوصی تیاری…آئی جی

آئی جی کمبھ میلہ سنجے گنجیال نے کہا کہ "اترا کھنڈ کمبھ میلے میں معاشرتی فاصلے پر عمل پیرا ہونا یقینی بنانے کے لئے 107 گھاٹوں پر کیمروں میں ہیڈ کاؤنٹ سافٹ ویئر لگایا جا رہا ہے، تاکہ اگر تعداد سے زیادہ بھیڑ ہو تو فوری طور پر معلومات حاصل ہوسکیں۔

06 Feb 2021, 11:25 AM

برازیل میں کورونا سے 2.30 لاکھ سے زیادہ ہلاکتیں

برازیلیا: برازیل میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1239 کورونا وائرس ’کووڈ-19‘ کے مریضوں کی موت ہوئی ہے جس کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد 230034 ہوچکی ہے۔ یہ اطلاع وزارت صحت نے دی۔ وزارت نے بتایا کہ اسی عرصے کے دوران کورونا وائرس متاثرین کی تعداد کی تعداد بڑھ کر 9447165 ہوگئی ہے جب کہ 50872 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ برازیل اس مہلک وائرس سے امریکہ اور ہندوستان کے بعد سب سے زیادہ متاثر دنیا کا تیسرا ملک ہے۔


06 Feb 2021, 10:23 AM

ہندوستان میں کورونا کے 11713 نئے کیسز، 14488 ڈسچارج، 95 اموات

ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 11713 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس دوران 14488 افراد ڈسچارج ہو گئے جبکہ 95 افراد ہلاک ہو گیے۔

کورونا مجموعی تعداد : 10814304

شفایاب افراد کی تعداد : 10510796

اموات کی تعداد : 154918

کل ویکسینیشن : 5416849

06 Feb 2021, 8:46 AM

جھارکھنڈ کی ہیمنت سورون حکومت کی کابینہ کی توسیع، حفیظ الحسن نے عہدہ وزارت کا حلف اٹـھایا

جھارکھنڈ کی ہیمنت سورین حکومت کی توسیع کے تحت نئے وزیر حفیظ الحسن نے عہدہ وزارت کا حلف اٹھایا۔ رانچی میں منعقد ہونے والی حلف برداری تقریب میں وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین موجود رہے۔


06 Feb 2021, 7:07 AM

سپریم کورٹ کا وہاٹس ایپ کی نئی پرائیویسی پالیسی کے خلاف سماعت سے انکار

سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا کمپنی وہاٹس ایپ کی نئی پروائیویسی پالیسی کے خلاف کنفیڈریشن آف آل انڈیا ٹریڈرس کی عرضی پر سماعت کرنے سے کل انکار کردیا۔چیف جسٹس شرد اروند بوبڈے جسٹس اے ایس بوپنا اور جسٹس وی رام سبرس منیم کی بینچ نے عرضی کی سماعت کے دوران کہا، "ہمیں بتایا گیا ہے کہ دہلی ہائی کورٹ میں اسی طرح کا ایک کیس زیر التوا ہے۔"بینچ نے سماعت کے دوران کہا ، "ہم عرضی گزار کو ہائی کورٹ جانے کے لیے درخواست واپس لینے کی اجازت دیتے ہیں۔"

عرضی گزار نے درخواست کی تھی کہ وہ وہاٹس ایپ کو اپنی نئی پرائیویسی پالیسی کو واپس لینے کی ہدایت دیں۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ یہ پالیسی مبینہ طور پر قانون کی خلاف ورزی کرتی ہے اور اس سے ملک کی سلامتی متاثر ہوسکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔