’رہا کر دیئے جائیں گے ونگ کمانڈر ابھینندن‘، عمران خان کا پاکستانی پارلیمان سے اعلان
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے آج پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم آگے کوئی جنگ نہیں چاہتے ہیں، اس کے لئے میں نے کل وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کرنے کی کوشش کی۔‘‘
ہندوستانی فضائیہ کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کل یعنی جمعہ کے روز وطن واپس لوٹ آئیں گے۔ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خطہ میں قیام امن کے لئے ونگ کمانڈر ابھینندن کو ہندوستان کو سونپ دیا جائے گا۔
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے آج پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا، ’’ہم آگے کوئی جنگ نہیں چاہتے ہیں، اس کے لئے میں نے کل وزیر اعظم نریندر مودی سے بات کرنے کی کوشش کی تھی۔ لیکن ہم جو یہ کوشش کر رہے ہیں اسے کمزوری نہ سمجھا جائے۔‘‘
واضح ر ہے کہ 14 فروری کو ہونے والے پلوامہ حملے کے 13 دن بعد منگل کے روز ہندوستانی فضائیہ نے پاکستان کے بالاكوٹ میں ہوائی حملے کر کے جیش محمد کے سب سے بڑے تربیتی کیمپ کو تباہ کر دیا تھا۔ اس کے اگلے دن بدھ کے روز ایک پاکستانی طیارے نے ہندوستانی فضائی حدود میں گھسنے کی کوشش کی جسے فضائیہ نے مار گرایا، لیکن اس دوران ایک ہندوستانی طیارہ بھی پاکستان میں گر کر تباہ ہو گیا اور اس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھینندن ورتمان کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔
قبل ازیں، پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جمعرات کو کہا کہ ’’ہم گرفتار ہندوستانی پائلٹ کو لوٹانے کے خواہش مند ہیں، اگر اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات معمول پر آجائیں اور امن قائم ہو۔ اگر ہندوستان دہشت گردی کے سلسلے میں بات چیت کا خواہش مند ہے تو وہ بھی تیار ہیں۔ آپ سیاست کے لئے علاقائی استحکام کوخطرے میں ڈالنا چاہتے ہیں۔ یہ سیاست کی ضرورت ہوسکتی ہے لیکن تاریخ آپ کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔‘‘
وزیر خارجہ نے کہا کہ ’’ہندوستان نے پلوامہ حملے کے سلسلے میں پاکستان کے قائم مقام ہائی کمشنر کو ایک دن پہلے ڈوزئیر سونپا ہے اور ہم اس کی جانچ کر رہے ہیں۔ میں کھلے دل سے اس پر غور کروں گا اور دیکھوں گا کہ کیا اس پر بات چیت کی جاسکتی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ’’کاش، یہ ڈوزئیر پہلے بھیج دیا گیا ہوتا۔ وہ (ہندوستان) پہلے حملہ کرتا ہے پھر ڈوزئیر بھیجتے ہیں، امن اور استحکام ہماری پہلی ترجیح ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان جنگ ہوتی تو پاکستان تو متاثر ہوگا ہی لیکن کیا ہندوستان کی معیشت کو نقصان نہیں ہوگا، اگر ہندوستان حملہ کرے گا تو پاکستان اپنا دفاع کرے گا۔
اس درمیان وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ ہندوستانی پائلٹ سلامت اور صحت مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے یہ مسئلہ پاکستان کے سامنے اٹھایا ہے۔ اس معاملے میں کس طرح کے معاہدے کا نفاذ ہوگا اور پائلٹ کو جنگی قیدی کا درجہ دیا جائے گا یا نہیں، اس پر دو دن میں فیصلہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ونگ کمانڈر ابھینندن بدھ کو پاکستانی فضائیہ کے جہاز کو کھدیڑتے ہوئے پاکستانی علاقے میں داخل ہوگیا تھا جہاں انہیں حراست میں لے لیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 28 Feb 2019, 6:09 PM