فیک نیوز کے خلاف مغربی بنگال حکومت نے سخت کارروائی کی ہدایت دی

لوک سبھا انتخابات کے ددوران 154 فیک نیوز کے معاملے سامنے آئے تھے اور گزشتہ پانچ مہینے میں فیک نیوز پھیلانے کے الزام میں 250 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

فیک نیوز، تصویر گیٹی ایمج
فیک نیوز، تصویر گیٹی ایمج
user

یو این آئی

کولکاتا: 2021 کے اسمبلی انتخابات سے قبل سوشل میڈیا پر ترنمول کانگریس اور مغربی بنگال حکومت کے خلاف فیک نیوز کے خلاف روک لگانے کے لئے بنگال حکومت نے سخت اقدمات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لئے پولیس انتظامیہ کو سخت ہدایات بھی دی گئی ہیں۔ ترنمول کانگریس کا ماننا ہے کہ بی جے پی ممتا حکومت کی شبیہ کو داغدار بنانے کے لئے فیک نیوز پھیلا رہی ہے۔

حال ہی میں وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کلکتہ پولیس کے سائبر کرائم سیل کو ہدایت دی تھی کہ فیک نیوز پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ اس کے علاوہ مغربی بنگال سی آئی ڈی نے سائبر فارنسک اور ڈیجیٹل ایگزامینشن لیبارٹری قائم کی ہے۔ 8 ستمبر کو منعقد پولیس ڈے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ سائبرکرائم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ اس لئے ہم نے سائبر سیل کو مضبوط کیا ہے اور تمام پولیس اسٹیشنوں کو سائبر کرائم کے تئیں زیادہ حساس ہونے کی ضرورت ہے۔سائبرکرائم سے نمٹنا ہماری ذمہ داری ہے۔


خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر یہ خبر تیزی سے پھیلائی گئی تھی کہ بنگال حکومت نے درگا پوجا کو لے کر گائیڈ لائن جاری کی ہیں جس میں رات کے وقت پنڈال میں جانے اور ایک ساتھ دو افراد سے زائد لوگوں کے پنڈال میں موجودگی پر روک لگائی گئی ہے۔ ممتا بنرجی کی ہدایت کے بعد اس معاملے میں کئی لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے دوران 154 ایک نیوز کا معاملے سامنے آیا تھا اور گزشتہ پانچ مہینے میں فیک نیوز پھیلانے کے الزام میں 250 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔

وزیرا علیٰ ممتابنرجی نے آئی آئی ٹی اور دیگر یونیورسٹی کے طلبا کو پیش کش کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ سائبر کرائم میں انٹرن شپ کرنا چاہتے ہیں تو کلکتہ پولیس اور بنگال پولیس ان کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے حال میں بی جے پی کے آئی ٹی سیل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کئی بیانات دیئے ہیں کہ آٹی ٹی سیل کا کام ہی ہے جھوٹ پھیلانا۔


ترنمو ل کانگریس کے ترجمان اور ممبر پارلیمنٹ ڈیریک اوبرائن نے کہا کہ ہم لوگ لولی پوپ نہیں کھیل رہے ہیں اور ہم انتخاب لڑ رہے ہیں اس لئے بی جے پی کا گراؤنڈ اور ورچوئل دونوں سطح پر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی طرف پھیلائی جارہی فیک نیوز اور افواہ کا مقابلہ کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے۔31اگست کو ترنمول کانگریس نے فیس بک کے سی ای او مارگ ازبرگ کو خط لکھ کر شکایت کی تھی کہ ترنمول کانگریس کے حامیوں کے سیکڑوں اکاؤنٹ کو فیس بک اور واٹس اپ سے ہٹادیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ترنمول کانگریس نے فیس بک پر جانبداری برتنے کا الزام عاید کیا ہے کہ بی جے پی سے وابستہ پیجوں پر نفرت انگیز مہم کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔