مغربی بنگال ضمنی انتخاب: سبھی 6 اسمبلی سیٹوں پر ترنمول کانگریس کے امیدواروں نے لہرایا فتح کا پرچم
مغربی بنگال کی ستائی، مداری ہاٹ، نیہاٹی، ہرووا، میدنی پور اور تال ڈانگرا اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب کا نتیجہ آج برآمد ہوا، ان سبھی سیٹوں پر حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
مغربی بنگال کی ستائی، مداری ہاٹ، نیہاٹی، ہرووا، میدنی پور اور تال ڈانگرا اسمبلی سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب کا نتیجہ آج برآمد ہو گیا۔ ان سبھی 6 اسمبلی سیٹوں پر ریاست میں حکمراں جماعت ترنمول کانگریس کے امیدواروں نے فتح کا پرچم لہرایا ہے۔ کسی بھی سیٹ پر ترنمول کانگریس امیدواروں کو ان کے حریف مقابلہ دیتے ہوئے دکھائی نہیں دیے۔ بیشتر سیٹوں پر فتح و شکست کے درمیان کا فاصلہ 30 ہزار سے زیادہ ووٹوں کا رہا۔
الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر موجود اعداد و شمار کو دیکھا جائے تو ستائی اسمبلی سیٹ پر ترنمول امیدوار سنگیتا رائے نے 1 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ووٹوں سے اپنے حریف بی جے پی امیدوار دیپک کمار رے کو شکست دی۔ سنگیتا رائے نے 1.66 لاکھ ووٹ حاصل کیے، جبکہ دیپک کمار کو محض 35 ہزار ووٹ ملے۔ مداری ہاٹ اسمبلی سیٹ پر جیت اور ہار کے درمیان کا فاصلہ 28 ہزار سے زیادہ ووٹوں کا رہا۔ اس سیٹ پر ترنمول امیدوار جئے پرکاش ٹوپو نے تقریباً 79 ہزار ووٹ حاصل کیے، جبکہ بی جے پی امدیوار راہل لوہار کو تقریباً 51 ہزار ووٹ ملے۔
نیہاٹی اسمبلی سیٹ پر ترنمول کانگریس نے سنت ڈے کو اپنا امیدوار بنایا تھا اور انھوں نے تقریباً 49 ہزار ووٹوں سے فتحیابی حاصل کی ہے۔ سنت ڈے کو تقریباً 78 ہزار اور ان کے حریف بی جے پی امیدوار روپک مترا کو تقریباً 30 ہزار ووٹ حاصل ہوئے۔ ہرووا اسمبلی سیٹ کا تذکرہ خاص ہے، کیونکہ یہاں دوسرے نمبر پر آل انڈیا سیکولر فرنٹ کے امیدوار پیارالاسلام رہے جنھوں نے تقریباً 26 ہزار ووٹ حاصل کیے۔ ترنمول کانگریس امیدوار ربیع الاسلام (1.57 لاکھ ووٹ) نے اس سیٹ پر تقریباً 1.31 لاکھ ووٹوں سے جیت حاصل کی۔ بی جے پی امیدوار نے اس سیٹ پر تیسرا مقام حاصل کیا۔
میدنی پور اور تال ڈانگرا اسمبلی سیٹوں پر ترنمول کانگریس امیدواروں نے تقریباً 34 ہزار ووٹوں سے جیت حاصل کی۔ میدنی پور سیٹ سے سجوئے حاضرہ ترنمول کانگریس امیدوار تھے جنھوں نے 1.15 لاکھ ووٹ حاصل کیے۔ اس سیٹ پر بی جے پی امیدوار سبھاجیت رائے بنٹی کو تقریباً 81 ہزار ووٹ حاصل ہوئے۔ اسی رطح سے تال ڈانگرا اسمبلی سیٹ پر ترنمول کانگریس امیدوار فالگونی سنگھا بابو نے تقریباً ایک لاکھ ووٹ حاصل کیے، جبکہ بی جے پی امیدوار اننیا رائے چکربرتی کو محض 65 لاکھ ووٹ ملے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔