دہلی کے بعد بلند شہر میں کانوڑیوں کا ہنگامہ، پولس اہلکاروں کی پٹائی

اترپردیش کے بلند شہر میں کانوڑیوں نے پولس کی جیپ پر حملہ کر دیا اور پولس اہلکاروں کو بری طرح پیٹا، کسی طرح پولس اہلکاروں نے وہاں سے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

دہلی میں کانوڑیوں کا ہنگامہ اور عام شہری کی کار کو تباہ کر دینے کے ایک روز بعد بلند شہر سے بھی اسی طرح کی غنڈہ گردی کی خبر منظر عام پر آئی ہے۔ بلند شہر کے بکلانا گاؤں میں کانوڑیوں کے دو گروپوں کے درمیان جھگڑا ہوا ، اس کے بعد ان لوگوں نے راجواہا پل پر جم کر ہنگامہ آرائی کی ۔

کانوڑیوں نے پولس کی جیپ پر حملہ کر دیا اور جم کر توڑ پھوڑ کی، اتنا ہی نہیں کانوڑیوں نے پولس کو بھی نہیں بخشا اور پولس اہلکاروں کو بری طرح پیٹائی کی جس میں ایک پولس اہلکار زخمی ہو گیا ،آخر کار اپنی جان بچانے کے لئے پولس اہلکاروں کو موقع سے بھاگنا پڑا۔

پولس کے مطابق پرانی رنجش کو لے کر بکلانا گاؤں میں کانوڑیوں کے درمیان بدھ کے روز جھگڑا ہوا تھا، جھگڑے کے بعد کچھ کانوڑیئے راجواہا پل پر بیٹھ گئے اور ہنگامہ آرائی کرنے لگے، جس میں دو کانوڑیئے زخمی ہو گئے ۔

پولس کو جب اس کی خبر ملی تو موقع پر پہنچ کر دونوں کانوڑیوں کو اسپتال پہنچایا اور دونوں فریقین کے خلاف کیس درج کر لیا ۔ اس کے بعد ایک بار پھر کانوڑیوں نے ہنگامہ شروع کر دیا اور موقع پر موجود پولس جیپ پر حملہ کر دیا۔

واضح رہے کانوڑیوں کی یہ پہلی غنڈہ گردی نہیں ہے اس سے قبل دہلی کے موتی نگر میں بھی کانوڑیوں کی غنڈہ گردی کی خبرمنظر عام پر آئی تھی۔ جس میں خاتون کی کار کانوڑیوں سے ذرا سی چھو جانے کے بعد ان لوگوں نے ہنگامہ آرائی کی اور اس کی کارکو شدید نقصان پہنچایا، آخر میں ان کانوڑیوں نے اس کی کار کو پلٹ دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Aug 2018, 6:31 PM