یوپی انتخابات: مختار انصاری کے بیٹے عباس پر اشتعال انگیز بیان دینے کا الزام، ایف آئی آر درج
مختار انصاری کے بیٹے و اسمبلی الیکشن میں سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے امیدوار عباس انصاری کے مبینہ دھمکی آمیز بیان کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ نے متعلقہ دفعات میں ایف آئی آر درج کرائی ہے
مئو: اتر پردیش کے ضلع باندہ کی ضلع جیل میں قید مختار انصاری کے بیٹے و اسمبلی الیکشن میں سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے امیدوار عباس انصاری کے مبینہ دھمکی آمیز بیان کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ نے متعلقہ دفعات میں ایف آئی آر درج کرائی ہے۔ انصاری ایک وائرل ویڈیو میں عوامی ریلی کے دوران افسران کو یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ ایس پی حکومت آنے پر مؤ میں تعینات افسران سے چن چن کر حساب لیا جائے گا۔
مئو صدر سے سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی (ایس بی ایس پی) کے امیدوار عباس انصاری نے جمعرات کی رات شہر کے پہاڑ پورا میدان میں ایک انتخابی ریلی میں ’باہوبلی‘ لفظ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ’’جس لیڈر کے ساتھ لاکھوں۔کروڑوں باہوں کا بل ہو وہ باہوبلی نہیں ہوگا تو کون ہوگا؟ ہم ہیں باہوبلی، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ اگر میرے لوگوں کی عزت، آن، بان شان اور آبرو پر کوئی آنچ ڈالنے کی کوشش کرے گا تو اس آنچ کو بجھانہ ہم جانتے ہیں۔ آج تک بجھایا ہے آگے بھی بجھائیں گے۔ ہمیں کوئی روک نہیں سکتا اس بات سے۔‘‘
مئو کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سیشل چندر بھان دھولے کی جانب سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق ’’عباس انصاری کی وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ایس پی نے کہا کہ مئو کوتوالی تھانے میں مقدمہ درج کر کے مئو صدر اسمبلی حلقے کے ریٹرنگ آفیسر کو آگے کی کاروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔
ملحوظ رہے کہ انصاری وائرل ویڈیو میں یہ کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ ’’جس دن میں لکھنؤ سے آیا تھا اس دن ایس پی کے قومی صدر اکھلیش یادو سے ملا تھا اور لمبی بات ہوئی تھی۔ اور یہ کہہ کر آیا ہوں کہ چھ مہینے تک کسی کی ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں ہوگی بھیا۔ پہلے جنہوں نے جن کے کیرئیر برباد کئے ہیں۔ جنہوں نے جن کے اوپر مقدمے لگائے ہیں پہلے ان کی تو جانچ پڑتال کر لی جائے۔‘‘
انصاری نے موجود عوام سے کہا ’’آپ سب یہاں بہت پریشان ہوئے ہیں۔ پیسہ لیا گیا ہے، چھوٹی چھوٹی باتوں کے لئے۔ بنکروں کے اوپر ظلم کرنے کے لئے انہوں نے سازشیں رچی ہیں۔ پیٹ پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے جب یہ بات کہی چھ مہینے تک کسی کی ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں ہوگی۔ جو یہاں ہے وہ یہاں ہی رہے گا۔ اپنی طرف اور مخالف سمت میں انگلی کا اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پہلے حساب کتاب ہوگا، اس کے بعد ان کی روانگی کاغذات پر مہر ثبت کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔