توگڑیا کریں گے نئی پارٹی کا اعلان، ’اب کی بار ہندوؤں کی سرکار‘ ہوگا نعرہ
وشو ہندو پریشد کے سابق صدر پروین توگڑیا کا کہنا ہے کہ وہ ’رام مندر نہیں ، توووٹ نہیں ‘تحریک جاری رکھیں گے اور اب کی بار ہندوؤں کی سرکار بنانے کی جانب کام کریں گے۔
وشو ہندو پریشد سے الگ ہو کر بین الاقوامی ہندو پریشد بنانے والے پروین توگڑیا رام مندر تحریک میں جان ڈالنے کی غرض سے آج ایک سیاسی پارٹی بنانے کا اعلان کر سکتے ہیں جس کے اشارے انہوں نے کل ایودھیا میں دئے تھے۔
توگڑیا نے کہا ہے کہ ’رام مندر نہیں ، تو ووٹ نہیں ‘ تحریک کو وہ ختم کرنے والے نہیں ہیں اور اب کی بار ہندوؤں کی سرکار بنے گی ۔ انہوں نے کہا جلد ہی اس کا بھی فیصلہ ہوگا کہ ووٹ کسے دینا ہے۔ مرکز کی مودی حکومت پر وعدہ خلافی کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب عوام کے سامنے ایک نیا متبادل دینا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی رام مندر تعمیر کرنے کی با ت کرے گا ووٹ اسی کو دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ توگڑیا سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ ایودھیا میں ڈٹے ہوئے ہیں ۔ انتظامیہ کی روک کے با وجود انہوں نے پیر کو ایک جلسہ کیا ۔ آج وہ رام کوٹ کی پریکرما میں حصہ لیں گے جس کے بعد وہ ایک سنکلپ سبھا میں حصہ لیں گے ۔ انتظامیہ کی پابندی کے با وجود وہ اجلاس کرنے پر اڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ان کی یہ تحریک مرکز پر رام مندر تعمیر کرنے کے لئے دباؤ بنانے کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رام مندر تعمیر کے ساتھ وہ کسان، طلباء اور بے روزگار نوجوانوں کے مدے بھی اٹھائیں گے۔
توگڑیا کے قریبی لوگوں کا کہنا ہے کہ توگڑیا آج سیاسی پارٹی سے متعلق ایک بڑا فیصلہ لے سکتے ہیں ۔ توگڑیا نے رام مندر پر شیو سینا کے موقف کی حمایت کی ہے جس سے یہ اشارہ بھی ملتا ہے کہ ان کی نئی سیاسی پارٹی شیو سینا کے ساتھ مل کربھی انتخابات لڑ سکتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔