گجرات میں آج جملوں کی بارش ہوگی: راہل گاندھی

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج ایک بار پھر گجرات کے دورے پر جا رہے ہیں۔ یہ امید کی جا رہی ہے کہ وزیر اعظم وہاں کئی منصوبوں کا اعلان کر سکتے ہیں۔ وزیر اعظم کے اس دورے سے قبل راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر کے ان پر نشانہ لگایا ہے۔

راہل نے صبح کے وقت ٹوئٹ کیا ’’ موسم کا حال ، چناؤ سے پہلے گجرات میں آج ہوگی جملوں کی بارش۔‘‘

غور طلب ہے کہ وزیر اعظم مودی کا گزشتہ ایک مہینے کے دوران یہ چوتھا دورہ ہے۔اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ نریندر مودی انتخابات سے قبل عوام سے بے شمار وعدے کر دیتے ہیں جن کا اقتدار کی کرسی پر بیٹھنے کے بعد وہ ذکر بھی نہیں کرتے ہیں ۔ہر ایک ہندوستانی کے کھاتے میں 15 لاکھ روپے ڈلوانے کا وعدہ بھی ایسے وعدوں میں شمار ہے جو نریندر مودی نے عام انتخابات سے قبل کئے تھے۔ اب لوگ جب 15 لاکھ کی بات کرتے ہیں تو بی جے پی رہنما غیر آرام دہ صورت حال میں آ جاتے ہیں۔ کئی سینئر رہنما تو اس وعدے کو اب انتخابی جملہ قرار دیتے ہیں۔

راہل گاندھی کے علاوہ رندیپ سرجے والا نے بھی وزیر اعظم کے دورے پر طنز کیا ہے۔ انہوں نے لکھا ہے ’’ 6.5 کروڑ گجرات کے بھائی بہنوں سے مودبانہ گزارش ہے ، آج چھاتا لے کر باہر نکلیں ،کیوں کہ جملہ کنگ آ رہے ہیں، کہیں بھی جملو ں کی بارش ہو سکتی ہے۔ ‘‘

واضح رہے کہ ابھی گجرات کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان نہیں ہوا ہے۔ مودی گاندھی نگر میں’گجرات گورو ‘ یاترا کے اختتام پر منعقدہ تقریب سے خطاب کریں گے۔ بی جے پی پاٹیداروں کو لبھانے کے لئے گورو یاترا نکال رہی ہے اس کے ذریعہ اب وہ اپنی طاقت دکھانا چاہے گی۔

راہل گاندھی گزشتہ کئی دنوں سے سوشل میڈیا پر وزیر اعظم نریندر مودی پر سیدھا وار کر رہے ہیں۔ ابھی حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کی تعریف کرنے والے بیان پر راہل نے ٹوئٹ کیا تھا۔ انہوں نے لکھا ’’مودی جی جلدی کیئ کیجئے، لگتا ہے ٹرمپ کو ایک بار پھر گلے لگانے کی ضرورت آن پڑی ہے۔‘‘

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Oct 2017, 12:04 PM