نجیب گمشدگی کا ایک سال مکمل، سی بی آئی ہیڈ کوارٹر پر مظاہرہ
نئی دہلی۔ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے لاپتہ طالب علم نجیب احمد کو جلدی ڈھونڈھنے کے مطالبہ کو لے کر اس کے لواحقین اور یونیورسٹی کے طلباء نے سی بی آئی ہیڈ کوارٹر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ پچھلے سال 15 اکتوبر سے لاپتہ نجیب کا اب تک کوئی سراغ نہیں لگا ہے۔ نجیب جے این یو میں ایم ایس سی سال اول کا طالب علم تھا۔ گزشتہ سال 14-15 اکتوبر کی رات کو لاپتہ ہونے سے پہلے نجیب کا اے بی وی پی کے کچھ ارکان سے جھگڑا ہوا تھا۔
سی بی آئی اس معاملہ کی جانچ کر رہی ہے۔ اس بیچ دہلی پولس نے نجیب کی اطلاع دینے والے کو 10 لاکھ کا انعام بھی دینے کا اعلان کیا ہے۔ پولس کی کئی ٹیمیں بھی اس جانچ میں ملوث ہیں لیکن اب تک نجیب کا کوئی سراغ نہیں لگا ہے۔ سی بی آئی سے جانچ کرانے کا مطالبہ خود نجیب کی ماں فاطمہ نفیسہ نے کیا تھا لیکن ان کا کہنا ہےکہ سی بی آئی نے اس معاملہ میں کوئی جانچ کی ہی نہیں۔
سی بی آئی سے پہلے نجیب کی گمشدگی کی جانچ جنوبی دہلی پولس کر رہی تھی۔ پولس نے عدالت میں کہا تھا کہ عدالت اس معاملہ کی جانچ سی بی آئی کو سونپتی ہے تو اسے کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ عدالت نے معاملہ کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا احکام دیتے ہوئے یہ بھی صاف کیا تھا کہ جانچ کی قیادت کرنے والا افسر ڈی آئی جی رینک سے کم کا نہیں ہوگا۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 Oct 2017, 8:20 PM