سری نگر: ایشیا کا سب سے بڑا باغ ’گل لالہ‘ لوگوں کے لئے کھل گیا
کشمیر کے باغ گل لالہ کو ورلڈ ٹیولپ سوسائٹی نے سال 2014 میں دنیا کا دوسرا خوبصورت ترین باغ قرار دیا تھا۔
سری نگر: سری نگر میں شہرہ آفاق جھیل ڈل کے کناروں پر واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کو جمعرات کے روز خوشگوار موسم کے بیچ سیلانیوں اور مقامی لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے مقامی و غیر مقامی سیلانیوں کی ایک بڑی تعداد کی موجودگی میں باغ کو کھولنے کی رسم انجام دی۔ انہوں نے نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اس باغ کی سیر مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی ترجیحات میں شامل ہے اور اس باغ کی خوبصورتی کو مزید بڑھانے کے لئے انتظامیہ نے دس کروڑ روپے کے لاگت کے ایک نئے پروجیکٹ پر کام شروع کیا ہے۔
اس موقع پر محکمہ سیاحت اور پھولبانی نے موسیقی اور دیگر تفریحی پروگراموں کا اہتمام کر رکھا تھا اور روایتی 'قہوے' کا بھی انتظام کیا تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز اپنے ایک ٹوئٹ میں باغ گل لالہ کے کھلنے کو جموں و کشمیر کے لئے ایک خاص بات قرار دیتے ہوئے لوگوں سے اس کی سیر کرنے کی تاکید کی تھی۔ متعلقہ حکام نے بتایا کہ قریب چھ سو کنال اراضی پر محیط باغ گل لالہ میں اس سال 65 اقسام کے زائد از 15 لاکھ ٹیولپ بلب موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باغ گل لالہ سیاحوں کے لئے مکمل طور پر تیار ہے اس سال سیاحوں کے ریکارڈ توڑ آمد کی توقع ہے۔
سال گزشتہ کورونا لاک ڈاؤن کے باعث سیاح اس باغ کی سیر سے محروم ہوئے تھے۔ دلی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون سیاح نے باغ گل لالہ میں میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر جنت ہے ہی لیکن باغ گل لالہ سے اس جنت میں چار چاند لگ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے آپ کو خوش نصیب سمجھتی ہوں کہ مجھے اس باغ کو دیکھنے کا موقع ملا۔ ان کا سیاحوں سے کہنا تھا کہ کشمیر کی سیر کرنے کے لئے وہی وقت منتخب کریں جس وقت یہ باغ کھلتا ہے۔
ممبئی سے تعلق رکھنے والے سیاحوں کے ایک گروپ نے کہا کہ اس باغ کو دیکھنا ہمارے لئے ایک خواب تھا جو آج پورا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس باغ کو ٹیلی ویژن پر دیکھا تھا لیکن آج یہاں خود حاضر ہو کر اس کو دیکھنے کا موقع ملا۔
دریں اثنا شعبہ سیاحت سے جڑے لوگوں بشمول ہاؤس بوٹ مالکان، شکارہ والوں، گھوڑے والوں، ہوٹل والوں، ٹورسٹ گائیڈس وغیرہ نے باغ گل لالہ کے کھلنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی طرف سے لوگوں کو کشمیر آنے کی تاکید سے یہ امید جاگزین ہوئی ہے کہ امسال یہاں کافی تعداد میں سیاح آئیں گے جس سے ہمارا کاروبار بحال ہوگا جو گزشتہ دو برسوں سے بند ہے۔ قابل ذکر ہے کہ کشمیر کے باغ گل لالہ کو ورلڈ ٹیولپ سوسائٹی نے سال 2014 میں دنیا کا دوسرا خوبصورت ترین باغ قرار دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔