سونیا گاندھی آج پھر ای ڈی دفتر میں درج کرائیں گی بیان، عوامی مسائل پر کانگریس کا ستیہ گرہ جاری

کانگریس لیڈر اجے ماکن نے کہا ’’ہم ملک بھر میں اپنا ستیہ گرہ جاری رکھیں گے اور لوگوں کے مسائل کو اٹھائیں گے۔ دہلی میں ہم اپنے مرکزی دفتر میں احتجاج کریں گے۔‘‘

سونیا گاندھی، صدر کانگریس / Getty Images
سونیا گاندھی، صدر کانگریس / Getty Images
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس صدر سونیا گاندھی آج لگاتار دوسری مرتبہ ای ڈی کے دفتر میں پہنچ کر اپنا بیان درج کرائیں گی۔ نیشنل ہیرالڈ معاملہ میں سونیا گاندھی آج تیسری مرتبہ ای ڈی دفتر میں پیش ہونے جا رہی ہیں۔ ادھر، عوام کو درپیش مختلف مسائل کو لے کر کانگریس پارٹی کا ملک گیر ستیہ گرہ جاری رہے گا۔

کانگریس لیڈر اجے ماکن نے کہا ’’ہم ملک بھر میں اپنا ستیہ گرہ جاری رکھیں گے اور لوگوں کے مسائل کو اٹھائیں گے۔ دہلی میں ہم اپنے مرکزی دفتر میں احتجاج کریں گے۔‘‘ کانگریس پارٹی کی جانب سے گزشتہ روز بھی احتجاج کیا گیا تھا۔ دہلی میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی سمیت متعدد پارٹی لیڈران کو اس وقت حراست میں لے لیا گیا تھا جب وہ راجیو چوک پر دھرنا دے رہے تھے۔


کانگریس پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ راجیو چوک سے صدارتی محل تک مارچ نکالنے جا رہے تھے، جسے دہلی پولیس نے ناکام بنا دیا۔ دہلی پولیس نے احتجاج و مظاہرہ کرنے کی پاداش میں راہل گاندھی سمیت کانگریس کے 50 ارکان پارلیمنٹ کو حراست میں لیا تھا۔ تقریباً 7 گھنٹے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔

ادھر، کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے منگل کی شب مودی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے کہا کہ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ کو 7 گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد شام 6.45 پر اس خبر کے ساتھ رہا کیا گیا کہ سونیا گاندھی سے کل تیسرے دن بھی ای ڈی پوچھ گچھ کرے گی۔ یہ ’وش گرو‘ کا سیاسی انتقام ہے۔ اس صورت حال کو بیان کرنے کے لئے ’گھناؤنا‘ بھی ہلکا لفظ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔