اڈیشہ: انتخابی تشہیر کے دوران نوین پٹایک پر جوتے سے حملہ
بی جے ڈی امیدوار ریتا ساہو کے حق میں انتخابی تشہیر کے دوران جب اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک عوام سے خطاب کر رہے تھے ایک نوجوان نے جوتا پھینک کر اپنی ناراضگی ظاہر کی۔
اڈیشہ کے وزیر اعلیٰ اور بیجو جنتا دل (بی جے ڈی) کے سربراہ نوین پٹنایک پر آج ایک نوجوان نے جوتا پھینک کر حملہ کیا۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب نوین پٹنایک باراپلی بلاک کے کمبھاری علاقہ میں منعقد ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ لیکن یہ جوتا نوین پٹنایک کو لگا نہیں اور ان کے سیکورٹی گارڈ نے جوتا پھینکنے والے نوجوان کو پکڑ لیا۔
دراصل آئندہ 14 فروری کو بیجے پور حلقہ میں ضمنی انتخاب ہونا ہے جس میں بی جے ڈی کی جانب سے امیدوار ریتا ساہو ہیں۔ نوین پٹنایک ان کی حمایت میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے جب یہ واقعہ پیش آیا۔ حملہ کے بعد نوجوان کو گرفتار کرنے کے ساتھ ہی بی جے ڈی سربراہ کو محفوظ مقام تک پہنچایا گیا۔ ابھی تک جوتا پھینکنے والے نوجوان سے متعلق کوئی جانکاری حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ پولس اس پورے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ نوجوان کی شناخت میں دیر نہیں لگے گی۔
واضح رہے کہ یہ نوین پٹنایک پرعوام کی ناراضگی کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے پہلے ایک خاتون نے وزیر اعلیٰ پر انڈوں سے حملہ کیا تھا۔ اس خاتون نےگزشتہ 31 جنوری کو اس وقت نوین پٹنایک پر انڈے پھینکے تھے جب وہ بالاسور ضلع کے بھگورائی بلاک کے تلساری میں ایک عوامی میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔