امت شاہ کی ریلی سے قبل ہریانہ بی جے پی میں بغاوت

سب سے بڑا تنازعہ یہ ہے کہ کروکشیتر سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ راج کمار سینی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس ریلی میں شریک نہیں ہو رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بی جے پی صدر امت شاہ کی آج ہریانہ کے جیند میں ریلی ہے لیکن اس ریلی سے پہلے ہی کئی تنازعہ کھڑے ہو گئے ہیں۔ اس میں سب سے بڑا تنازعہ یہ ہے کہ کروکشیتر سے بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ راج کمار سینی نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس ریلی میں شریک نہیں ہو رہے ہیں ۔ راج کمار نے کہا کہ اس یلی سے قبل بی جے پی رہنماؤں نے جاٹ رہنماؤں سےجو سمجھوتہ کیا ہے وہ انتہائی غلط ہے ۔ ادھر ہریانہ کے وزیر اعلی کل جب ریلی کے مقام پر انتظامات دیکھنے کے لئے گئے تو انہوں نے جس موٹر سائیکل کا استعمال کیا وہ موٹر سائیکل بغیر نمبر پلیٹ کی تھی۔

واضح رہے امت شاہ کی ریلی کے اعلان کے بعد جاٹ رہنما یشپال ملک نے ریلی کی مخالفت کرنے کا اعلان کیا ۔ جاٹوں کے اعلان کے بعد ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر اور بی جے پی کے کئی رہنماؤں نے جاٹ رہنماؤں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے بعد یہ سمجھوتہ ہوا کہ جاٹ احتجاج کے دوران جن جاٹوں کے خلاف مقدمات درج ہوئے تھے وہ تمام مقدمات واپس لے لئے جائیں گے اور آئندہ اسمبلی اجلاس میں جاٹ ریزرویشن کے لئے ایک بار پھر قرارداد لائی جائے گی اور جاٹوں کو ریزرویشن دیا جائے گا۔ اس کے بدلے میں جاٹوں نے اپنے احتجاج کو واپس لے لیا تھا۔ اب بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ راج کمار سینی اس سمجھوتہ سے ناراض ہیں اور انہوں نے ایک ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھوتہ غلط ہے۔ انہوں نے کہا ’’ ایسے تو کوئی بھی کوئی جرم کرے گا اور وہ مظاہرہ اور احتجاج کا دباؤ بنا کر اپنے خلاف کیس واپس کر وا لے گا‘‘۔ سینی جاٹوں کے ریزرویشن کے بھی خلاف ہیں ۔

واضح رہے بی جے پی نے ہریانہ اسمبلی انتخابات میں تمام غیر جاٹ برادریوں کے ووٹ حاصل کئے تھے اس لئے اس وقت امت شاہ کی ریلی کے لئے جاٹوں سے جو سمجھوتہ کیا ہے اس سے وہ تمام برادریاں ناراض ہو تی نظر آ رہی ہیں ۔ ادھر جاٹ رہنما کھلے عام راج کمار سینی کے خلاف بول رہے ہیں یعنی ہریانہ میں جاٹ اور غیر جاٹ لڑائی اب کھل کر شروع ہو گئی ہے۔ سینی کے تیور باغیوں والے نظر آ رہے ہیں۔

سواراج انڈیا کے یوگیندر یادو کا کہنا ہے کہ ہریانہ میں قانون نام کی کوئی چیز نظر نہیں آرہی ۔ انہوں نے کہا جن معاملوں کو ختم کرنے کی بات کہی جا رہی ہے وہ قتل اور لوٹ کے معاملے ہیں اور یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے کہ ایسے کیس واپس لے لئے جائیں۔ ادھر اس احتجاج میں جن لوگوں کے کاروبار کو نقصان ہوا تھا اور ان کے ساتھ مار پٹائی کی تھی وہ سب حکومت کے اس اعلان سے سخت ناراض ہیں ۔

جیند میں امت شاہ کی بائیک ریلی کے لئے بی جے پی نے رائل اینفیلڈ کمپنی کی تین موٹر سائیکل منگوائی ہیں۔ امت شاہ جو ہریانہ کے بی جے پی صدر سبھاش برالا کی بائیک کے پیچھے بیٹھ کر تقریب کے مقام تک جائیں گے اور اس کے لئے وہ 424میٹر کا فاصلہ طے کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اس ریلی میں 50لاکھ قیمت والی ٹرائمپ راکیٹ تھرڈ ٹورنگ سے لے کر ہارلے ڈیوڈسن جیسی بائیکوں کے ساتھ پارٹی رہنما شامل ہوں گے ۔

بی جے پی صدرامت شاہ اس ریلی سے سال 2019کے عام انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔