سوائن فلو سے بی جے پی ممبر اسمبلی کی موت

سوائن فلو سے ہلاک راجستھان کی بی جے پی ممبر اسمبلی کیرتی کماری (تصویر سوشل میڈیا)
سوائن فلو سے ہلاک راجستھان کی بی جے پی ممبر اسمبلی کیرتی کماری (تصویر سوشل میڈیا)
user

قومی آواز بیورو

جے پور: راجستھان کی بی جے پی ممبر اسمبلی 50 سالہ کیرتی کماری کا سوائن فلو سے انتقال ہو گیا ہے۔ ان کےانتقال کے بعد جہاں ریاست کی بی جے پی حکومت میں سوائن فلو کے تئیں ہو رہی لاپروائی کا انکشاف ہوا ہے وہیں عوام یہ سوچنے پر مجبور ہو گئی ہے کہ اگر ہائی پروفائل لوگوں کی زندگی خطرے میں ہے تو پھر عام لوگوں کا کیا ہوگا۔ اطلاعات کے مطابق بھیلواڑا کے مانڈل گڑھ سے بی جے پی ممبر اسمبلی کیرتی کمار گزشتہ کچھ دنوں سے جے پور کے فورٹس اسپتال میں داخل تھیں جہاں ان کا طویل علالت کے بعد سوموار کو انتقال ہو گیا۔

کیرتی کماری کی موت راجستھان میں سوائن فلو سے کوئی پہلی موت نہیں ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اگست ماہ میں اب تک 19 لوگوں کی اس مرض سے موت واقع ہو چکی ہے۔ محکمہ صحت کا تو یہ بھی کہنا ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھے گی۔ سرکاری اعداد و شمار میں جنوری سے ابھی تک سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد 75 کے قریب بتائی جا رہی ہے۔ اتنا ہی نہیں، تقریباً 750 لوگوں پر اس وائرس کے اثر کی تصدیق بھی ہوئی ہے۔ لیکن ریاست کی بی جے پی حکومت حسب سابق ’خاموشی‘ اختیار کیے ہوئے ہے۔

دراصل سوائن فلو سے صرف راجستھان میں ہی زیادہ تعداد میں اموات نہیں ہوئی ہیں، بلکہ بی جے پی کی حکومت والی ریاستیں اتر پردیش اور گجرات کے عوام بھی پریشان ہیں۔ اترپردیش میں اگست ماہ کے اوائل میں ہی سوائن فلو سے 20 لوگوں کی اموات کی خبریں موصول ہو چکی ہیں جب کہ تقریباً 700 لوگوں کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔ نام نہاد ’رول ماڈل‘ گجرات کی صورت حال تو سب سے بدتر ہے۔ وہاں جنوری سے اب تک اس مرض کے سبب 200 سے زائد اموات ہوئی ہیں اور کم و بیش 2000 لوگوں پر سوائن فلو کے اثر کی تصدیق ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔