’ڈکشنری میں جڑا نیا لفظ ’مودی لائی‘ پوری دنیا میں ہو رہا مشہور‘، راہل کا پی ایم مودی پر طنز
راہل گاندھی نے ایک طنزیہ ٹوئٹ کر پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔انھوں نے کہا کہ’مودی لائی‘ ایک نیا لفظ ہے جو پوری دنیا میں مشہور ہو رہا ہے۔’مودی لائیز‘ کے نام سے تو ایک ویب سائٹ بھی چل رہی ہے۔
کانگریس صدر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کر پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’مودی لائی (مودی کا جھوٹ) نیا لفظ ہے جو پوری دنیا میں مشہور ہو رہا ہے۔ اب ’مودی لائیز‘ کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی ہے جس پر مودی کے جھوٹ کو یکجا کیا گیا ہے۔‘‘ اس ویب سائٹ پر کلک کرتے ہی پی ایم مودی کے سبھی مبینہ جھوٹ لکھے ہوئے مل جاتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی یہ جھوٹ کب بولا گیا، اس کی تفصیل بھی لکھی ہوئی ہے۔
اس سے قبل بدھ کو راہل گاندھی نے پی ایم مودی پر حملہ کرتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی تھی۔ اس تصویر میں ایک لفظ سرچ کیا ہوا دکھایا گیا تھا جو ’مودی لائی‘ (Modilie) تھا۔ اس کے ساتھ ہی راہل گاندھی نے لکھا تھا کہ اب انگریزی ڈکشنری میں ایک نیا لفظ جڑ گیا ہے۔ اس کا اسکرین شاٹ نیچے ہے اور ایک اسمائیلی بھی بنایا ۔ راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ اس کا مطلب لگاتار عادتاً جھوٹ بولنا ہوتا ہے۔
’مودی لائی‘ لفظ کا تذکرہ کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ایک اسکرین شاٹ میں اس کے کئی معنی بتائے ہیں۔ شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ میں بتایا گیا کہ اس کے معنی ’لگاتار اور عادتاً جھوٹ بولنا‘، ’بغیر رکے جھوٹ بولنا‘ ہے۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی نے اس سے قبل مرکزی وزیر ارون جیٹلی پر بھی کچھ اسی طرح کا حملہ کیا تھا۔ اس وقت راہل گاندھی نے رافیل، میہل چوکسی سمیت کئی ایشوز کو لے کر ان پر ’جیٹ لائی‘ لکھ کر طنز کسا تھا۔
غور طلب ہے کہ راہل گاندھی لگاتار وزیر اعظم مودی پر جھوٹے وعدے کرنے کا الزام لگا کر حملہ کر رہے ہیں۔ ریلیوں اور سوشل میڈیا میں راہل گاندھی لگاتار کہہ رہے ہیں کہ پی ایم مودی گزشتہ انتخابات کے وعدوں کے مطابق دو کروڑ نوجوانوں کو ہر سال روزگار دینے، سبھی کے اکاؤنٹ میں 15 لاکھ روپے دینے کا وعدہ پورا نہیں کر سکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 May 2019, 2:10 PM