سنگھ کے خلاف بولنے والوں کو جان کا خطرہ۔ راہل
کانگریس کے نائب صدر نے کہا، ’’ بی جے پی اور آر ایس ایس کی ایسی منشا ہے کہ ملک میں محض ایک آواز باقی رہےباقی سب کو خاموش کر دیا جائے ‘‘۔
نئی دہلی :صحافی گوری لنکیش کے قتل پر برہم کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی نے کرناٹک وزیر اعلی سدھارمیا سے بات کی اور گوری لنکیش قتل کی جلد از جلد جانچ کرانے کے لئے کہا۔ راہل نے کہا کہ لنکیش کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہئے۔
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، ’’یہ نظریہ کی بات ہے، جو کوئی بھی بی جے پی ، آر ایس ایس کے نظریہ کے خلاف آواز اٹھائے گا اسے دبادیا جائے گا یا پیٹا جائے گا، ان پر حملہ ہوگا یا انہیں مار دیا جائے گا۔‘‘
راہل نے آر ایس ایس اور بی جے پی پر مزید حملہ کرتے ہوئے کہا ، ’’ان کی ایسی منشا ہے کہ ملک میں محض ایک آواز باقی رہے۔ وہ کسی اور کی آواز کو برداشت کرنا نہیں چاہتے ، خواہ آواز کسی ایک شخص کی ہی کیوں نہ ہو‘‘۔انہوں نےکہا ، ’’کبھی کبھی وزیر اعظم کو لگتا ہے کہ ان پر دباؤ بڑھ رہا ہے تو وہ کچھ کہہ دیتے ہیں ، لیکن یہ پوری مہم ایک خاص نظریہ کے خلاف بولنے والوں کو خاموش کرنے کی ہے جو ملک کے لئے ایک بڑی پریشانی بنتی جا رہی ہے ‘‘۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے راہل نے کہا، ’’عدم تشدد ہمارے ملک کی روایات کا حصہ ہے، وزیر اعظم ٹوئٹر پر کسے فالو کرتے ہیں کسے نہیں یہ بحث کاموضوع نہیں ہے لیکن قتل کو کسی بھی طرح جائز نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔‘‘
وزیر اعظم ایک ماہر ہندو سیاستداں ہیں وہ جو بھی کہتے ان کے الفاظ کے دو معنی ہوتے ہیں ایک ان کے بیس (حامیوں)کے لئے ہوتا ہے جب کہ دوسرا ساری دنیا کے لئے۔
گوری لنکیش کے قتل پر گزشتہ روز راہل گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا، ’’سچائی کو دبایا نہیں جا سکتا۔‘‘
وہیں کانگریس رہنما پی چدمبرم نے ٹوئٹ کیا، ’’گوری لنکیش کو کسی کا ڈر نہیں تھا، گوری سے کسے ڈر تھا؟۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 06 Sep 2017, 3:38 PM