امیٹھی: سونیا اور پرینکا کی موجودگی میں راہل گاندھی کے کاغذات نامزدگی داخل

کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے قبل راہل گاندھی نے امیٹھی میں روڈ شو بھی کیا۔ اس روڈ شو میں پرینکا گاندھی اور ان کے دونوں بچے بھی شامل تھے۔

تصویر آئی این سی
تصویر آئی این سی
user

قومی آواز بیورو

امیٹھی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے بدھ کے روز اتر پردیش کی اپنی روایتی سیٹ امیٹھی سے کاغذات نامزدگی داخل کر دیئے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ یو پی اے کی چیئر پرسن سونیا گاندھی، کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی اور ان کے شوہر رابرٹ واڈرا بھی موجود رہے۔

کاغذات نامزدگی داخل کرنے سے قبل راہل گاندھی نے امیٹھی میں روڈ شو بھی کیا۔ اس روڈ شو میں پرینکا گاندھی اور ان کے دونوں بچے بھی شامل تھے۔ اس روڈ شو میں لوگوں کا زبردست ہجوم نظر آیا اور کانگریس کارکنان پُر جوش نظر آئے۔ کارکنان ہاتھوں میں کانگریس کا پرچم تھامے ہوئے تھے اور خواتین گھروں کی چھتوں سے پھولوں کی بارش کر رہی تھیں۔ شدید گرمی کے باوجود کارکنان کا ایک طویل جلوس راہل گاندھی کے قافلہ کے ہمراہ چل رہا تھا۔

امیٹھی کانگریس کا گڑھ رہی ہے اور یہاں راہل گاندھی کے مقابلہ میں بی جے پی نے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی کو امیدوار بنایا ہے۔ راہل گاندھی امیٹھی کے علاوہ کیرالہ کے وائناڈ سے بھی پرچہ نامزدگی داخل کر چکے ہیں۔

امیٹھی میں کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے بھی اب یہ مان لیا ہے کہ رافیل ڈیل میں گھوٹالہ ہوا ہے اور چوکیدار نے چوری کی ہے۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک مرتبہ پھر بحث کے لئے چیلنج کیا۔

قبل ازیں کانگریس صدر راہل گاندھی کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے لئے امیٹھی کے منشی گنج گیسٹ ہاؤس پہنچے اور روڈ شو کے بعد کاغذات نامزدگی داخل کر دیئے۔ پانچویں مرحلہ کے لئے نامزدگی عمل شروع ہونے کے پہلے دن کانگریس صدر و امیٹھی پارلیمانی سیٹ سے امیدوار راہل گاندھی نے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کر دیا۔ راہل گاندھی اور ان کی بہن کانگریس کی جنرل سکریٹری و مشرقی اتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی ایک دن پہلے ہی منگل کی شام امیٹھی پہنچ چکے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Apr 2019, 3:10 PM