فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی منانے جموں و کشمیر جائیں گے پی ایم مودی!
پی ایم مودی ہر سال دیوالی جوانوں کے ساتھ مناتے ہیں، گزشتہ سال انھوں نے کارگل میں فوجیوں کے ساتھ دیوالی کا جشن منایا تھا، جبکہ 2021 میں انھوں نے جموں و کشمیر کے نوشیرا سیکٹر میں دیوالی منائی تھی۔
وزیر اعظم نریندر مودی اس بار بھی دیوالی کا جشن فوجی جوانوں کے ساتھ منائیں گے۔ ’اے بی پی نیوز‘ نے ذرائع کے حوالے سے اطلاع دی ہے کہ پی ایم مودی دیوالی کے موقع پر جموں و کشمیر کے اخنور واقع جورین میں ہندوستانی فوج کے 191 بریگیڈ کے ساتھ وقت گزاریں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم بی ایس ایف جوانوں کے ساتھ بھی دیوالی کا تہوار منائیں گے۔ حالانکہ یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ کس مقام پر وہ بی ایس ایف جوانوں کے ساتھ دیوالی منائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ ملک بھر میں دیوالی کا تہوار 12 نومبر یعنی اتوار کو منایا جائے گا۔ سبھی گھروں میں دیوالی کا جشن منانے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ سرحدوں پر موجود فوجی جوان بھی دیوالی کا تہوار مناتے ہیں، لیکن وہ اپنے رشتہ داروں سے دور رہتے ہیں جس کا انھیں افسوس رہتا ہے۔ ان فوجیوں کی تنہائی دور کرنے کے مقصد سے ہی پی ایم مودی ہر سال فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار مناتے ہیں۔ گزشتہ سال انھوں نے کارگل میں فوجی جوانوں کے ساتھ دیوالی کا جشن منایا تھا اور 2021 میں جموں و کشمیر کے نوشیرا سیکٹر میں فوجیوں کے ساتھ وقت گزارا تھا۔
اس درمیان پی ایم مودی نے دیوالی کے موقع پر لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ’ووکل فار لوکل‘ کی پیروی کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار مصنوعات کو خریدیں۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر لکھا ہے کہ ’’اسی دیوالی آئیے ہم نمو ایپ پر ووکل فار لوکل کے ساتھ ہندوستان کی صنعت کاری اور تعمیریت کے جذبہ کا جشن منائیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ایسی مصنوعات خریدیں جو مقامی سطح پر بنائے گئے ہوں اور پھر نمو ایپ پر پروڈکٹ یا بنانے والے کے ساتھ ایک سیلفی شیئر کریں۔ اپنے دوستوں اور گھر والوں کو اس عمل میں شامل ہونے اور مثبت جذبہ کو پھیلانے کی اپیل کریں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔