وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان کو منہ توڑ جواب نہیں دیں گے: ہاردک پٹیل
ہاردک پٹیل نے کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ وزیر اعظم پاکستان کو منہ توڑ جواب نہیں دیں گے، کیونکہ ان کی سوچ، ان کی پالیسی اور ان کے اصولوں میں کافی تضاد ہے۔
گجرات میں پاٹیدار سماج کے نوجوان رہنما ہاردک پٹیل نے اتر پردیش کے سلطان پور میں وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کی جم کر تنقید کی، انہوں نے دعوی کیا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی پاکستان کو منہ توڑ جواب نہیں دیں گے۔
ہاردک پٹیل نے کہا ہے کہ ’’میں دعوے کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ مودی جی پاکستان کو منہ توڑ جواب نہیں دیں گے، کیونکہ ان کی سوچ، ان کی پالیسی اور ان کے اصولوں میں کافی تضاد ہے‘‘۔ انہوں نے پلوامہ حملہ پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’خفیہ ایجنسیوں نے بار بار کہا تھا کہ جموں و کشمیر میں کوئی بڑی واردات ہو سکتی ہے، تو پھر سی آر پی ایف کے جوانون کو سڑک کے راستہ بھیجنے کا ڈرامہ کیوں کیا گیا؟‘ پٹیل نے کہا سلامتی پر سوال اس لئے اٹھتا ہے کیونکہ بغیر جنگ کے بار بار جوان شہید ہو رہے ہیں۔
ہاردک پٹیل نے کہا کہ سال 2004 میں اٹل بہاری واجپئی کی حکومت نے سی آر پی ایف کے جوانوں کو ملنے والی پینش بند کر دی تھی۔ سی آر پی ایف کے جوانوں کو آج بھی شہید کا درجہ نہیں ملتا۔ ہاردک پٹیل نے مودی حکومت سے مانگ کی ہے کہ سی آر پی ایف کو فوج کی طرح شہید کا درجہ دیا جانا چاہیے اور ان کی پینشن بہال کرنی چاہیے۔
ہاردک پٹیل نے مزید کہا کہ صرف چینی بند کر نے سے پاکستان کمزور نہیں ہو جائے گا۔ حکومت کو اس کی جانچ کرنی چاہیے کہ دھماکہ خیز اشیا کہاں سے آئی۔ ہاردک پٹیل نے بی جے پی پر نشانہ سادھتے ہوئے کہا کہ خود کو حب الوطن بتانے والی بی جے پی نے انہیں کے ساتھ اتحاد میں حکومت بنائی تھی جو دہشت گردوں کو مضبوط کرنے کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سرحدوں کو مضبوط کرنے کے لئے فوج کو مزید مضبوط کرنا ہوگا اور سب کو ایک ساتھ مل کر کھڑا ہونا ہوگا تاکہ پاکستان آنکھ اٹھانے کی ہمت نہ کر سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔