دوسرے لاک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے پی ایم مودی نے عوام سے مانگے 7 وعدے

پی ایم مودی نے سات وعدوں میں سے ایک وعدہ کاروبار اور صنعت چلانے والے لوگوں سے لیا، جس میں انھوں نے گزارش کی کہ وہ اپنے یہاں کام کرنے والے لوگوں کو ملازمت سے نہ نکالیں۔

پی ایم نریندر مودی
پی ایم نریندر مودی
user

قومی آواز بیورو

پی ایم مودی نے ہندوستان میں 14 اپریل کو ختم ہو رہے لاک ڈاؤن کو 19 دن کی توسیع دیتے ہوئے اسے 3 مئی تک بڑھانے کا اعلان کر دیا ہے۔ منگل کے روز صبح 10 بجے عوام سے اپنے خطاب میں انھوں نے کئی اہم باتیں کہیں اور لوگوں سے گزارش کی کہ وہ اپنے صبر کو بنائے رکھیں اور پرعزم ہو کر کورونا وائرس سے مقابلہ کریں۔ اپنی تقریر کے آخر میں پی ایم مودی نے عوام سے 7 وعدے مانگے جو کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں بہت اہم ہیں۔ وہ 7 وعدے اس طرح ہیں...

  1. اپنے گھر کے بزرگوں کا خاص خیال رکھیں۔ خصوصی طور پر ایسے شخص جنھیں پرانی بیماری ہو، ان کی ہمیں زیادہ حفاظت کرنی ہوگی۔ انھیں کورونا سے بہت بچا کر رکھنا ہوگا۔
  2. لاک ڈاؤن اور سوشل ڈسٹنسنگ (سماجی فاصلہ) کے ضابطوں کا پورا عمل کریں۔ گھر میں بنے فیس کور (چہرے کو چھپانے کی چیز) یا ماسک کا لازمی طور پر استعمال کریں۔
  3. اپنی قوت مدافعت بڑھانے کے لیے آیوش وزارت کے ذریعہ جو ہدایات دی گئی ہیں، اس پر عمل کریں۔ گرم پانی ہے، غلغلہ ہے، ان کا مستقل استعمال کریں۔
  4. کورونا انفیکشن کا پھیلاؤ روکنے میں مدد کرنے کے لیے آروگیہ سیتو موبائل ایپ ضرور ڈاؤن لوڈ کریں۔ دوسروں کو بھی اس ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے ترغیب دیں۔
  5. جتنا ہو سکے اتنا غریب فیملی کی دیکھ ریکھ کریں، ان کے کھانے کی ضرورتیں پوری کریں۔
  6. آپ اپنے کاروبار، اپنی صنعتوں میں کام کر رہے لوگوں کے تئیں ہمدردی رکھیں۔ کسی کو ملازمت سے نہ نکالیں۔
  7. ملک کے کورونا جنگجوؤں، یعنی ہمارے ڈاکٹر، نرس، صفائی اہلکار، پولس اہلکار، ایسے سبھی لوگوں کی ہم عزت کریں، انھیں فخر کا موقع دیں۔

عوام سے مذکورہ سات باتوں پر عمل کرنے کا وعدہ لینے کے بعد پی ایم مودی نے کہا کہ "ساتھیو، ان سات باتوں میں آپ کا ساتھ چاہیے۔ یہ باتیں فتح حاصل کرنے کے لیے راستہ ہموار کریں گی۔ فتحیابی کے لیے خلوص کے ساتھ یہ کام کیا جانا چاہیے۔ پوری ایمانداری کے ساتھ 3 مئی تک لاک ڈاؤن پر عمل کریں۔ جہاں ہیں وہیں رہیں، محفوظ رہیں۔ آپ سبھی ملک کو زندہ اور بیدار بنائے رکھیں۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔