کشمیر: باغ گل لالہ کو سجانے سنوارنے کا کام شد ومد سے جاری
باغ گل لالہ میں لاکھوں اقسام کے خوبصورت اور دلفریب ٹولپ پودوں کو لگایا گیا ہے اور باغ جنت کا نظارہ پیش کررہا ہے۔
سری نگر میں شہرہ آفاق ڈل جھیل کے کناروں اور دلکش زبرون پہاڑیوں کے دامن میں واقع ایشیا کے سب سے بڑے باغ گل لالہ کو سیاحوں کے لئے سجانے سنوارنے کے لئے کام شد ومد سے جاری ہے۔
بتادیں کہ باغ گل لالہ کو رواں ماہ کی 20 تاریخ سے سیاحوں کے لئے کھولا جا رہا ہے۔ سال گذشتہ باغ سیاحوں کی آمد کا منتظر ہی تھا کہ کورونا لاک ڈاؤن کے پیش نظر اس کو بھی بند کر دیا گیا تھا۔
یو این آئی کے ایک نامہ نگار نے جمعرات کو باغ کا دورہ کرکے بتایا کہ باغ کو سیاحوں کے لئے سجانے سنوارنے کا کام شد ومد سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں باغبان پودوں کی سینچائی و کھدائی و دیگر امور انجام دینے میں مصروف عمل ہیں۔
موصوف نے کہا کہ قریب 6 سو کنال اراضی پر محیط اس باغ گل لالہ میں لاکھوں اقسام کے خوبصورت اور دلپذیر ٹولپ پودوں کو لگایا گیا ہے اور باغ جنت کا نظارہ پیش کررہا ہے۔ باغ کے ایک منتظم نے بتایا کہ امسال کافی زیادہ تعداد میں سیاحوں کے آنے کی امید ہے کیونکہ سال گذشتہ تمام تیاریوں کے بعد یہاں کوئی نہیں آسکا۔
انہوں نے کہا کہ باغ کو سیاحوں کے لئے پوری طرح سے تیار کیا جا رہا ہے اور ہم دعوے سے کہتے ہیں جو بھی سیاح اس کی خبوصورتی سے لطف اندوز ہونے کے لئے ایک بار یہاں آئے گا وہ پھر ہر سال یہاں آتا رہے گا۔
قابل ذکر ہے کہ کشمیر کے باغ گل لالہ کو ورلڈ ٹلپ سوسائٹی نے سال 2014 میں دنیا کا دوسرا خوبصورت ترین باغ قرار دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔