ایوان میں کچھ نہیں ہوا اس لیے کوئی معافی نہیں مانگےگا: ونکیا نائیڈو
اپوزیشن نے منموہن سنگھ کے خلاف نریندر مودی کے مبینہ بیان کا ایشو پرزور انداز میں اٹھایا۔ راجیہ سبھا چیئرمین ونکیا نائیڈو کے سامنے پہنچ کر اپوزیشن نے نعرے بازی بھی کی۔
پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں آج بھی کارروائی شروع ہونے پر اپوزیشن نے وزیر اعظم نریندر مودی سے معافی کا مطالبہ جاری رکھا۔ ہنگامہ کے سبب راجیہ سبھا کی کارروائی 12 بجے تک ملتوی بھی کی گئی لیکن کارروائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد بھی کانگریس اراکین کی ناراضگی ختم نہیں ہوئی اور انھوں نے منموہن سنگھ کے خلاف نریندر مودی کے مبینہ بیان کا ایشو پرزور انداز میں اٹھایا۔ راجیہ سبھا چیئرمین ونکیا نائیڈو کے سامنے پہنچ کر اپوزیشن نے نعرے بازی بھی کی۔
ایوان کی کارروائی شروع ہونے پر راجیہ سبھا چیئرمین ونکیا نائیڈو نے ضروری دستاویزات ٹیبل پر رکھوائے اور وقفہ صفر شروع کرنے کے لیے کہا۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ’’یہ کوئی طریقہ نہیں۔ کوئی بھی معافی نہیں مانگے گا۔ ایوان میں کچھ نہیں ہوا ہے۔ بیان یہاں نہیں دیا گیا تھا۔‘‘ کانگریس کے پرمود تیواری، ریپون بورا اور رجنی پاٹل سمیت کچھ اراکین نےکہا کہ انھوں نے کارروائی روکنے کے لیے ایکٹ 267 کے تحت نوٹس دیا ہے۔ ان اراکین کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو گجرات اسمبلی انتخابات کے دوران سابق وزیرا عظم منموہن سنگھ کے خلاف دیے گئے اپنے بیان پر ایوان میں آ کر معافی مانگنا چاہیے۔
ونکیا نائیڈو نے کانگریس اراکین کے اس مطالبہ پر کوئی توجہ نہیں دی اور انھیں اپنی کرسی پر جا کر بیٹھنے کے لیے کہا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آپ کا یہ رویہ مناسب نہیں ہے۔ جو آپ کر رہے ہیں وہ ملک کے لیے، جمہوریت کے لیے اور ایوان کے لیے درست نہیں ہے۔ یہ پارلیمنٹ ہے اور جو آپ کر رہے ہیں وہ پورا ملک دیکھ رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ انھیں ایکٹ 267 کے تحت نوٹس ملا لیکن اس کو انھوں نے منظور نہیں کیا ہے۔ ونکیا نائیڈو نے مودی سے معافی کا مطالبہ کر رہے اراکین سے کارروائی نہ روکنے کی اپیل بھی کی۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔