طوفان ’تتلی‘ کی تباہی: آندھرا میں 2800 کروڑ کا نقصان

وزیراعلی این چندرا بابو نائیڈو نے وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کی ہے کہ وہ شدید طورپر متاثرہ ضلع سریکاکلم اور ضلع وجیانگرم کے عوام کے لئے کم از کم 1200 روپئے عبوری امداد کے طورپر فراہم کرے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: سمندری طوفان تتلی کے سبب آندھراپردیش میں ہی تقریباً 2800 کروڑروپئے کا نقصان ہوا ہے۔ ریاستی حکومت نے اس بات کا تخمینہ لگایا ہے۔

وزیراعلی این چندرا بابو نائیڈو نے وزیراعظم نریندر مودی سے درخواست کی ہے کہ وہ شدید طورپر متاثرہ ضلع سریکاکلم اور ضلع وجیانگرم کے عوام کے لئے کم از کم 1200روپئے عبوری امداد کے طورپر فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ تباہ کن طوفان تتلی شمالی ساحلی آندھراپردیش سے بُری طرح ٹکرا یا جس سے انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا اور علاقہ بالخصوص سریکاکلم اور وجیانگرم اضلاع میں عام زندگی مفلوج ہوگئی۔

وزیراعلی نے کہا کہ اس طوفان کے سبب جن املاک کو نقصان پہنچا ہے، ان میں بجلی 500 کروڑ روپئے، عمارت و شوارع 100 کروڑ روپئے، پنچایت راج 100 کروڑ روپئے، زراعت 800 کروڑ روپئے، باغبانی 1000 کروڑ روپئے، افزائش مویشیاں 50کروڑ روپئے، سمکیات50کروڑ روپئے، آرڈبلیو ایس 100کروڑ روپئے، آبپاشی 100کروڑ روپئے شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے پہلے ہی بچاؤ اور راحت سرگرمیوں کا آغاز جنگی خطوط پر کردیا ہے اور انہوں نے خود شخصی طورپر ان اضلا ع کا دورہ کرتے ہوئے وہاں کیمپ کیا تھا۔ ان اضلاع میں جانوں، املاک اور انفراسٹرکچر کو ہوئے نقصانات پر انہوں نے حکومت ہند سے درخواست کی ہے کہ وہ دریا دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلد ہی راحت کو منظوری دے تا کہ عوام کی مشکلات کو کم سے کم کیا جاسکے۔انہوں نے عبوری راحت کے طورپر 1200 کروڑ روپئے اجرا کے لئے مرکز سے درخواست کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 13 Oct 2018, 3:09 PM