ٹیکہ کاری کی بیداری کے لیے ’جان ہے تو جہان ہے‘ مہم شروع ہوگی: مختار عباس نقوی
مختار عباس نقوی نے کہا کہ 21 جون کو اترپردیش کے اقلیتی اکثریتی ضلع رام پور سے شروع ہونے والی ’جان ہے تو جہان ہے‘ مہم ملک کے مختلف مقامات پر ہوگی۔
نئی دہلی: اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ 21 جون سے پورے ملک کے دیہی علاقوں میں کورونا ویکسینیشن کے تئیں بیداری لانے، اندیشوں اور افواہوں کو روکنے کے لیے ’جان ہے تو جہان ہے‘ مہم شروع ہوگی۔
مختار عباس نقوی نے ہفتے کے روز یہاں کہا کہ اقلیتی امور کی وزارت مختلف سماجی، تعلیمی اداروں، سیلف ہیلف گروپس، خاتون سیلف ہیلف گروپ وغیرہ کو ساتھ لے کر ملک کے دیہی اور دور دراز علاقوں میں کورونا ویکسینیشن کے تئیں بیداری کے لیے ’جان ہے تو جہان ہے‘ مہم شروع کر رہی ہے۔ اس مہم میں مختلف مذہبی، سماجی، ثقافتی، تعلیمی، طب، سائنس اور دیگر شعبوں کے سربراہوں کے پیغام، نُکّڑ ناٹک وغیرہ کے ذریعے مثبت پیغام دیا جائے گا۔
مختار عباس نقوی نے کہا کہ 21 جون کو اترپردیش کے اقلیتی اکثریتی ضلع رام پور سے شروع ہونے والی ’جان ہے تو جہان ہے‘ مہم ملک کے مختلف مقامات پر ہوگی۔ انہوں نے نے بتایا کہ کچھ مفاد پرست عناصر نے ملک کے بعض علاقوں میں کورونا ویکسین کے سلسلے میں افواہوں اور اندیشوں کا ماحول بنانے کی کوشش کی ہے۔
مختار عباس نقوی نے کہا کہ ایسے لوگ تذبذب پیدا کرنے والوں کی صحت و سلامتی کے دشمن ہیں۔ ملک کے سائنسدانوں کی محنت کے نتیجے میں دو ’میڈ اِن انڈیا‘ کورونا ویکسین تیار ہوئی ہیں، سائنسی لحاظ سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ یہ تمام ویکسین مکمل محفوظ ہیں اور کورونا وائرس سے بچنے کا اہم ہتھیار ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔